اسلام آباد (ٹی این ایس)(آئی پی ایس ) حقانی نیٹ ورک کے سربراہ اور افغان طالبان کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے اور اپنا استعفی بین الاقوامی طور پر غیر تسلیم شدہ طالبان حکومت میں افغانستان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخندزادہ کو بھجوا دیا ہے۔افغانستان انٹرنیشنل نے طالبان حکومت کے اندر دو “باخبر ذرائع” کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ حقانی کا استعفی قبول کر لیا گیا ہے۔
اس نے یہ بھی بتایا کہ یہ اقدام “طالبان قیادت کے اندرونی اختلافات” کے ساتھ ساتھ حقانی کی عوامی سرگرمیوں سے طویل عرصے تک غیر حاضری کے بعد کیا گیا ہے۔ان کی غیر موجودگی میں وزارت داخلہ کے فرائض ان کے نائبین نے سنبھالے ہیں۔حقانی نیٹ ورک اور طالبان کی مرکزی قیادت کے درمیان خاص طور پر خواتین کے حقوق اور گورننس سے متعلق مسائل پر بڑھتے ہوئے تنا ئو کی رپورٹس سامنے آئی ہیں۔
حقانی کی خوست منتقلی، جو اس کے نیٹ ورک کا گڑھ سمجھا جاتا ہے، طالبان کی صفوں میں مزید تقسیم کا اشارہ دے سکتا ہے۔ابھی تک طالبان نے حقانی کے استعفی یا ان کے اقدام سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔