وزیرخارجہ خواجہ آصف کی ایرانی صدر سےملاقات، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

 
0
1714

اسلام آباد ستمبر 11(ٹی این ایس): وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کے دورہ ایران کے حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ وزیرخارجہ خواجہ آصف نےایک روزہ دورہ ایران کے دوران ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماوں کے درمیان باہمی دوستانہ اور تاریخی برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق ہواہے۔ ملاقات میں ایرانی وزیر خارجہ کیساتھ دو طرفہ مذاکرات بھی ہوئے جبکہ مذاکرات میں علاقائی صورتحال اور افغانستان میں امن و استحکام کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر وزیرخارجہ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان پر امن ہمسائیگی کے اصول پر عمل پیرا ہے اوراس مقصد کیلئے ایران کیساتھ ملکر علاقائی سلامتی کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطح کے رابطوں پر اظہار اطمینان اور تجارت، معیشت سمیت مواصلات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ جبکہ ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہارکیا اوراس بات پر اتفاق کیا کہ افغانستان کے مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اور دونوں رہنماوں نے روہنگیا مسلمانوں پر مظالم پر بھی تشویش کا اظہار کیا