اسلام آباد (ٹی این ایس) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا “فیسیلی ٹیشن آن ویلز” سروس کا معائنہ

 
0
28

( اصغرعلی مبارک )
اسلام آباد (ٹی این ایس): – وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کے لیے متعارف کرائی گئی “فیسیلیٹیشن آن ویلز” سروس کا معائنہ کیا اور اس اقدام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سہولت وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کے ویژن کے تحت شروع کی گئی ہے، جس کا مقصد شہریوں کو ان کی دہلیز پر ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء، تجدید اور لرنر پرمٹ جیسی خدمات فراہم کرنا ہے۔

طلال چوہدری نے مزید کہا کہ یہ سروس اسلام آباد کے مختلف تعلیمی اداروں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور تجارتی مراکز میں شہریوں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے جدید سہولیات کی فراہمی کو قابلِ تحسین قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدام عوام کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ گورننس کے جدید اصولوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مختلف اداروں میں ایسی مزید عوامی سہولتیں متعارف کروانے کے لیے کام جاری ہے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کی جا سکیں۔

اس موقع پر وزیر مملکت نے “مکینک آن ویلز” سروس کی بھی تعریف کی، جو مرکزی شاہراہوں پر گاڑیوں کو فوری مدد فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ ان جدید سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور کسی بھی رہنمائی یا مدد کے لیے ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کریں۔