تحریر: ریحان خان
اسلام آباد، بدھ، 9 اپریل 2025 (ٹی این ایس): جاپان کے سفیر برائے پاکستان، اکاماتسو شوئیچی نے مانسہرہ کے علاقے شنکیاری کے گاؤں جھندوال میں ایک نئی تعمیر شدہ رابطہ سڑک کا افتتاح کیا ہے، جس کا مقصد دیہی علاقوں کی رابطہ کاری کو بہتر بنانا اور بنیادی سہولیات تک رسائی کو آسان بنانا ہے۔
جاپانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ منصوبہ “سائبان ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن” کے ذریعے مکمل کیا گیا، جو پاکستان کے دیہی اور محروم طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم ہے۔ یہ منصوبہ جاپانی حکومت کے “گرانٹ اسسٹنس فار گراس روٹس ہیومن سیکیورٹی پراجیکٹس (GGP)” پروگرام کے تحت مالی معاونت سے ممکن ہوا۔
اس منصوبے کے لیے جاپان نے 56,418 امریکی ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی، جس کے تحت 3,800 فٹ طویل رابطہ سڑک کی پختگی کے ساتھ ساتھ حفاظتی دیواریں اور نکاسیٔ آب کے لیے کلورٹس بھی تعمیر کیے گئے تاکہ سڑک کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
افتتاحی تقریب میں وفاقی و مقامی حکام، غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندگان اور مقامی افراد نے شرکت کی۔ تقریب میں خیبرپختونخوا اسمبلی کے رکن اور پارلیمانی لیڈر سردار شاہ جہاں یوسف بھی موجود تھے۔
“سائبان” کو دیہی ترقی کے شعبے میں دو دہائیوں سے زائد کا تجربہ حاصل ہے اور یہ تنظیم حکومت اور بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے مختلف کمیونٹی بیسڈ ترقیاتی منصوبے کامیابی سے مکمل کر چکی ہے۔ جھندوال میں تعمیر ہونے والی یہ سڑک مقامی آبادی کے لیے سفری سہولتوں میں بہتری کے ساتھ ساتھ تعلیم، صحت اور منڈیوں تک رسائی کو بھی نمایاں طور پر بہتر بنائے گی۔
اس منصوبے سے تقریباً 2,700 افراد مستفید ہوں گے، جن میں 330 طلبہ شامل ہیں جو اب اپنے تعلیمی اداروں تک محفوظ اور آسان سفر کر سکیں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر اکاماتسو نے منصوبے کی کامیاب تکمیل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے “سائبان” کی کمیونٹی سطح پر ترقی کے لیے کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا، “یہ سڑک صرف ایک تعمیری منصوبہ نہیں، بلکہ مواقع کے دروازے کھولتی ہے، کمیونٹیز کو بنیادی سہولیات سے جوڑتی ہے اور پائیدار ترقی کی بنیاد رکھتی ہے۔”
سفیر نے پاکستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے جاپان کے مستقل تعاون کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے منصوبے پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ دوستی کو مزید مضبوط بنائیں گ