اسلام آباد ستمبر 14 (ٹی این ایس )وفاقی دارلحکومت مقامی انتظامیہ کے ماتحت کام کرنے والے مختلف محکمہ جات کی کارکردگی کے عمومی جائزہ کے لیے چیف کمشنر اسلام آباد ذوالفقار حیدر کی زیرصدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف محکموں کی کارکردگی کی مختصر تفصیل پیش کی گئی ۔
اجلاس میں محکمہ کو آپریٹو کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا گیا کہ پچھلے سال 27 سوسائٹیز کے سالانہ اجلاس عام منعقد کئے گئے اور 27 سوسائٹیز کے الیکشن کروائے گئے۔اس کے علاوہ 41 سوسائٹیز کا سالانہ آڈٹ اور 4 سوسائٹیزکا اسپیشل آڈٹ مکمل کیا گیا جس میں 5 ارب روپے کی بدعنوانی کی نشاندہی ہوئی۔اب تک 100 ملین روپے نقد اور 236 کنال مالیتی 2 ارب روپے کی ریکوری ہوئی۔سات سوسائٹیز کی رجسٹریشن کام نہ کرنے کی وجہ سے منسوخ کی گئی۔180 کیسیزفیصلہ کیا گیا اور 530 پلاٹس کا قبضہ ممبران کو دیا گیا۔
محکمہ خوراک میں 10236 انسپکشنز ہوئیں اور فوڈ قوانین کی خلاف ورزی پر 216 ایف آئی آر درج کی گئیں اور 7234500 روپے کا جرمانہ کیا گیا۔12 ہزار محنت کشوں کو مقرر کردہ کم از کم اجرت دلوائی گئی اور بچوں کی مشقت کے بارے میں 31 مقدمات کا فیصلہ کیا گیا ،720 فرموں اور 13 این جی اوز کی رجسٹریشن کی گئی جبکہ 471 غیر فعال این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کی گئی ۔
محکمہ زراعت اور لائیو سٹاک میں آبپاشی کے 27 منصوبے نصب کئے گئے ،16 کنویں اور بور کے 20 منصوبے مکمل کئے گئے ،اڑھائی لاکھ پودے تقسیم کئے گئے اور ڈرپ آبپاشی سسٹم نصب کیا گیا۔ اس کے علاوہ 250 ایکڑ زمین کو قابل کاشت بنایا گیا اور محکمہ لائیو سٹاک میں 328039 مویشیوں کا علاج کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر /ریونیو ڈیپارٹمنٹ میں 35 ریوینیو اسٹیٹس کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے اس کے بعد کمپیوٹرائزڈ فرم کی اجراء پر کام جاری ہے۔مختلف سیکشینز میں ڈومیسائل،بین الاقوامی ڈرائونگ لائسنس،اسلحہ لائسنس کا اجراء کیا گیا اور عوام کو 32072 ڈومیسائل،7871 بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس،2800 اسلحہ لائسنس آسان طریقہ سے جاری کئے گئے محکمہ ایکسائز میں 285 ملین کا ریونیو حاصل ہوا۔کمپیوٹرئزڈ نمبر پلیٹس کا اجراء کیا ۔فیسیلیٹیشن ڈیسک قائم کیا گیا اور ون ونڈسروس کا اہتمام کیا گیا ۔
ڈویلیپمنٹ اینڈ فنانس ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد کا جائزہ لیتے ہوئے معلوم ہو ا کہ اسلام آباد جنرل ہسپتال کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ایچ-16 میں ماڈل جیل پر بھی کام ہو رہا ہے،حضرت بری امام کے مزار پر تعمیر کا کام تیزی س جاری ہے جبکہ اسلام آباد سیف سٹی پراجیکیٹ پر بھی تیزی سے کام ہو رہا ہے،
آخر میں چیف کمیشنر اسلام آباد نے تمام محکموں کو سختی سے ہدایت کی وہ آئندہ 8 ماہ کے لیے اپنے اہداف مقرر کریں، ان کے حصول کے لیے سخت محنت کریں اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا کریں۔