راولپنڈی (ٹی این ایس) یوم تکبیر پرفتح مبین سے سرشار پاکستانی عوام کا سول اور فوجی قیادت کو خراج تحسین

 
0
9

(.اصغرعلی مبارک )
راولپنڈی (ٹی این ایس) .یوم تکبیر پرفتح مبین سے سرشارپاکستانی عوام نے سول اور فوجی قیادت,افواج پاکستان ,سائنس دانوں ,انجینئروں کو دفاع پاکستان ناقابل تسخیر بنانے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کے 27 سال مکمل ہونےپر قوم نے یوم تکبیر ملی جوش و جذبے سے منایا دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور پاکستان کی سلامتی کی دعاؤں کے ساتھ ہوا، علماء نے پاکستان کی سربلندی کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔ علمائے کرام کا کہنا تھا کہ 28 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ میں نہایت اہمیت کا حامل ہے، آپ پاکستان زیادہ مضبوط اور مستحکم ہیں، پوری قوم کا سرفخر سے بلند ہے۔ یوم تکبیر 28 مئی 1998 کو پاکستان نے بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 6 دھماکے کر کے خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا، پاکستان نے اپنے دفاع کا حق منوایا، چاغی کے پہاڑوں سے اللہ اکبر کی صدا دنیا نے سنی اور پاکستان دنیا کی ساتویں اور اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بن کر ابھرا۔ یوم تکبیر پر ملک بھر میں خصوصی تقریبات منعقد کر کے وطن کے رکھوالوں کو سلام پیش کیا گیا۔راولپنڈی, اسلام آباد، کراچی، لاہور سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں اور تقاریب کا انعقاد کیا گیا یوم تکبیر کی مناسبت سے ایک شاندار کیک کٹنگ تقریب کا اہتمام گرین پیلس ہوٹل کمیٹی چوک راولپنڈی میں ڈولفن کمیونیکیشن کی سی ای او محترمہ عاصمہ بٹ اور سرمد سجاد خان نے کیا جس کے مہمان خصوصی پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و سینیٹر ناصر محمود بٹ شیخ ارسلان،سجاد خان،نائب صدر مسلم لیگ ن مرزا منصور بیگ،خالد سعید بٹ تھے۔ جس میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے پر سائنسدانوں اور پاک افواج کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

راولپنڈی میں یوم تکبیر کی مناسبت سے کیک کٹنگ تقریب میں ڈولفن کمیونیکیشن کی سی ای او محترمہ عاصمہ بٹ سینئر کالم نگار اصغر علی مبارک کوانکی سالگرہ پر کیک پیش کیا یوم تکبیر پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا کہ ایٹمی دھماکے پرامن اور محفوظ پاکستان کی ضمانت ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 27 سال بعد بھی پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند ہے اورسربلند رہے گا، دشمن پاکستان کی سرزمین کی طرف میلی نظر سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی قوت بننا پوری امت مسلمہ کا فخر ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کو پوری دنیا میں پہلی مسلمان ایٹمی قوت بننے کا اعزاز حاصل ہوا، 10 مئی کی فتح کی بنیاد 28 مئی 1998ء کو رکھی گئی۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ 28 مئی کو چاغی کے پہاڑوں میں لگائے نعرہ تکبیر کی گونج آج بھی وطن عزیز کی فضاؤں میں موجود ہے، قوم آج بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف کی ممنون ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ دشمن کو جب بھی منہ توڑ جواب ملا، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت تھی، ایٹمی دھماکے پرامن اور محفوظ پاکستان کی ضمانت ہیں۔ راولپنڈی میں یوم تکبیر کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ فیلڈمارشل جنرل عاصم منیر کی وجہ سے پاکستان کا سر فخر سے بلندہوا، فیلڈ مارشل عاصم منیر جس طرح دشمن پر ٹوٹ پڑے وہ دنیا نے دیکھا، حالیہ صورت حال میں پوری قوم فوج کے ساتھ کھڑی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ایک نسل پیدا ہوئی تھی جو کہتے تھے فوج کو اپنا کام نہیں کرنا آتا، دنیا نے دیکھا فوج نے اپنا کام کس کامیابی کے ساتھ کیا۔ حنیف عباسی نے کہا کہ ہم نے جب حملہ کیا تو ان کےمیزائل اسٹوریج اور ملٹری انسٹالیشن تباہ ہوئیں، مودی نے ہندوستان کا دفاعی نظام تباہ اور ایکسپوز کردیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نے کامیاب حکمت عملی سے بھارت کو تنہا کردیا، عالمی میڈیا آج پاکستان کی کامیابی کو تسلیم کر رہی ہے۔یوم تکبیر پر پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی جانب سے نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن پی اے ای سی اعلامیہ کے مطابق 28 مئی پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کی خوشی منانے کا دن ہے، صحت، توانائی اور زراعت کے شعبوں میں نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ملک بھر میں قائم 20 کینسر ہسپتال تشخیص و علاج کی جدید سہولیات فراہم کر رہے ہیں، پاکستان کے تقریباً 80 فیصد کینسر کے مریض ان ہسپتالوں سے مستفید ہوتے ہیں۔ پی اے ای سی اعلامیہ کے مطابق 6 جوہری پاور پلانٹس سے 3530 میگا واٹ سستی اور ماحول دوست بجلی پیدا کی جا رہی ہے، چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ-1 نے 400 دنوں تک مسلسل بجلی پیدا کر کے قومی ریکارڈ قائم کیا۔ زیر تعمیر چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ-5 تکمیل کے بعد 1,200 میگاواٹ بجلی پیدا کرےگا، 4 زرعی مراکز فصلوں کی 159 خصوصی اقسام کے ذریعے غذائی تحفظ کو یقینی بنا رہے ہیں، نیوکلیئر انسٹیٹیوٹ فار ایگریکلچر اینڈ بائیولوجی فیصل آباد قدرتی رنگین کپاس تیار کر رہا ہے۔ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ یہ ادارہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے معاون مرکز کے طور پر بھی پہچان حاصل کر چکا ہے، پیاس یونیورسٹی اور دیگر تدریسی ادارے بین الاقوامی معیار کی تعلیم دے رہے ہیں۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے پر امن استعمال سے پائیدار ترقی کے فروغ کیلئے کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یوم تکبیر پر خصوصی پیغام میں قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے ایٹمی دھماکے کر کے دنیا کو بآور کوایا کہ ہم دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، 28 مئی ہر پاکستانی کیلئے باعث افتخار اور قابل فخر دن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سائنسدانوں، افواجِ پاکستان اور سیاسی قیادت نے ناقابلِ تسخیر پاکستان کی بنیاد رکھی، تمام سائنسدانوں کو قوم کا سلام، آپ کا یہ کارنامہ دفاعی تاریخ کا سنہری باب ہے، عالمی دباؤ، معاشی پابندیوں اور خطرات کے باوجود 1998 میں ایٹمی دھماکے کرنا جرات و حمعیت کی اعلیٰ مثال ہے، یومِ تکبیر ہماری خودداری، قومی یکجہتی اور سٹریٹجک خودمختاری کا دن ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ 10 مئی کا عبرتناک سبق دشمن کو ہمیشہ یاد رہے گا، بھارت جانتا ہے کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت ناقابل تسخیر ہے اور اب وہ کوئی بھی مس ایڈونچر سے قبل سو بار سوچے گا۔صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے 28 مئی کو ’یوم تکبیر‘ کے موقع پر خصوصی پیغامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فتح مبین سے سرشار قوم کی مسرتوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے

صدر نے ملکی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی طاقت کا حصول امن قائم رکھنے کا دانشمندانہ فیصلہ تھا، پاکستان کی ایٹمی صلاحیت امن کی ضامن ہے جو ملکی خود مختاری اور قومی سلامتی یقینی بناتی ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے خصوصی پیغام میں کہا کہ یوم تکبیر پر قوم کو دلی مبار کباد پیش کرتا ہوں، 28 مئی کے دن ہم نے اپنی جوہری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، آج کے دن ہم نے تذویراتی دفاعی طاقت حاصل کی 28 مئی کو ہم ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت کے تحفظ کا عزم کرتے ہیں، ایٹمی پروگرام سے منسلک سائنسدانوں، انجینئرز، سول اور فوجی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ صدر مملکت نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھنے پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ایٹمی طاقت بننا محض ہماری تکنیکی ترقی کا مظہر نہیں تھا، ایٹمی طاقت کا حصول قوت کے ذریعے امن قائم رکھنے کا دانشمندانہ فیصلہ تھا۔ صدر زرداری کا کہنا تھا کہ بدلتی علاقائی سلامتی کی صورتحال میں ہماری جوہری طاقت ایک قابل اعتبار کم از کم دفاعی صلاحیت ہے، پاکستان کی ایٹمی صلاحیت امن کی ضامن ہے، ایٹمی قوت ہماری خود مختاری اور قومی سلامتی کو یقینی بناتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جنگ کا خواہاں نہیں، پاکستان پر امن بقائے باہمی اور عالمی قوانین کے احترام کے اصولوں پر کاربند ہے، یومِ تکبیر پر ایک بار پھر عہد کریں کہ ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو ’یومِ تکبیر‘ کی مبارکباد دی اور ایٹمی پروگرام کے معماروں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے ملکی آزادی و خودمختاری پر سمجھوتہ نہ کرنے کا عزم دہرایا اور کہا کہ فتح مبین سے سرشار قوم کے لیے یوم تکبیر کی مسرتوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اللہ کے فضل و کرم سے 6 تا 10 مئی کے معرکہ حق میں فتح یاب ہوا، بھارت کی مسلط کردہ جنگ میں سرخرو ہو کر نکلے۔ انہوں نے کہا کہ 28 مئی 1998 کو بھارت نے 5 ایٹمی دھماکے کرکے ہماری سلامتی، دفاع اور خود مختاری کو چیلنج کیا تھا، نواز شریف نے 6 دھماکے کر کے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، اس وقت نواز شریف نے قوم کی امنگوں، مفادات کی ترجمانی کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف اقتصادی پابندیوں، دباؤ ،دھمکیوں اور لالچ کو خاطر میں نہ لائے، انہوں نے ملک کی جغرافیائی سرحدوں کو ہمیشہ کے لیے ناقابل تسخیر بنا دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ چاغی کے پہاڑوں سے اللہ اکبر کی صدا آج بھی پاکستانی قوم کا عہد بن کر گونج رہی ہے، یہ ہی شاندار روایت بھارت کے حالیہ بلاجواز حملوں کے خلاف قوم نے ایک مرتبہ پھر دہرائی۔ وزیر اعظم نے جوہری پروگرام کے لیے بے پناہ قربانیاں دینے پر قوم، سابق وزیر اعظم ذوالفقارعلی بھٹو، ڈاکٹر عبدالقدیر خان، سائنسدانوں اور انجینئرز کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے افواج پاکستان، قومی اداروں اور ایٹمی پروگرام میں حصہ ڈالنے والے معماروں کو بھی سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ جوہری اثاثوں کی بھرپور حفاظت کرنے پر مسلح افواج کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ یوم تکبیر قوم کے اتحاد، آزادی اور خودمختاری پر سمجھوتہ نہ کرنے کے اعلان کا دن ہے۔ یوم تکبیر کے موقع پر مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی جانب سے عوام کو مبارکباد پیش کی گئی۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یوم تکبیر 1998 کے اُس عظیم لمحے کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان جوہری طاقت کے طور پر اُبھرا۔ پاکستان نے جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک توازن بحال کرنے اور اپنے دفاع کے حق کو منوایا، پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیت قومی امانت ہے، جو عوامی امنگوں کی عکاس ہے۔ یوم تکبیر ہمارے مؤثر اور کم از کم ڈیٹرنس کے نظریے کی توثیق کرتا ہے، قابلِ اعتبار کم از کم ڈیٹرنس کا نظریہ خطے میں امن اور تزویراتی استحکام کے قیام پر مبنی ہے۔ آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان کی جوہری صلاحیت خالصتاً دفاعی نوعیت کی اور امن کی ضامن ہے، مسلح افواج اُن قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہیں جن کی بدولت یہ سنگِ میل حاصل ہو۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے یوم تکبیر کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، آج کے دن اللہ تعالیٰ نے قوم کو بڑی کامیابی عطا کی، اللہ تعالی پاکستان کی حفاظ فرمائے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے یوم تکبیر کے موقع پر جوہری پروگرام کی شکل میں ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے والے سائنسدانوں، انجینئرز، مسلح افواج اور دور اندیش سیاسی قیادت کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے یوم تکبیر پر قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائدِ عوام نے عالمی دباؤ اور مخالفت کے باوجود جوہری پروگرام کی بنیاد رکھی، یومِ تکبیر صرف فخر کا دن نہیں بلکہ ہماری قوم کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے، ہمارا یہ عزم ہے کہ ہم اپنی خودمختاری، وقار اور مستقبل کے تحفظ پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دن یاد دلاتا ہے کہ جب قوم متحد ہو تو وہ ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتی ہے، جس قوم کی قیادت دور اندیش، سائنسی برتری حاصل اور بہادر افواج ہو تو وہ اپنی تقدیر خود لکھ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہید بھٹو کی دور اندیشی اور بے مثال جرات تھی جس نے ایٹمی طاقت بنانے کا خواب دیا اور اس کیلئے عملی بنیاد فراہم کی، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے ادوارِ حکومت میں دانائی اور بصیرت کے ساتھ جوہری پروگرام کو محفوظ رکھا اور اس کی پیشرفت کو یقینی بنایا، ہمارا ایٹمی دفاع ان شہداء کی امانت اور ان کی بے مثال قربانیوں کی علامت ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہمارا جوہری دفاع آنے والی نسلوں کیلئے ایک مضبوط ڈھال ہے، ہمیں کبھی نہیں بھولنا چاہیے کہ اس ایٹمی دفاع کے پیچھے کتنی جدوجہد اور قربانیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ ایک مضبوط، خوددار اور محفوظ پاکستان کیلئے کھڑی رہی ہے اور کھڑی رہے گی، پیپلز پارٹی نہ صرف پاکستان کو عسکری طاقت بنانے میں بلکہ معیشت، جمہوریت اور سماجی انصاف کے محاذ پر بھی کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ آئیے یومِ تکبیر پر اپنے بانی اجداد کے خوابوں کی تکمیل کے عہد کی تجدید کریں، آئیے! ہم ایک ایسا پاکستان تعمیر کریں جو امن، ترقی اور عوام کی امیدوں کا حقیقی عکس ہو۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یوم تکبیر ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، پاکستان کی ایٹمی صلاحیت خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھنے کی ضمانت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایٹمی دھماکوں نے دشمن قوتوں کو واضح پیغام دیا، ہماری مسلح افواج اور ایٹمی سائنسدانوں نے تاریخ رقم کی، یوم تکبیر ہمیں ملک کی سالمیت کیلئے بے لوث خدمت کا درس دیتا ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان نے ہمیشہ پاک فوج مخالف پروپیگنڈے کو مسترد کیا، پاکستان کی بھارت کے خلاف تاریخی فتح پوری قوم اور امت مسلمہ کی فتح ہے۔ پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ الحمدللہ پاکستان کو ایٹمی ملک بنے 27 سال مکمل ہوگئے، 28 مئی 1998 کا تاریخی دن یوم تکبیر مبارک ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ قائد نواز شریف کو قوم سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے دھمکی، دباؤ، لالچ اور پابندیوں کی پروا کئے بغیر بہادری، عزم اور استقامت سے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا، یہ وطن اور آنے والی نسلوں کی حفاظت اور دشمن کے مذموم ارادے خاک میں ملانے کا دفاعی ہتھیار ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 28 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ کا یادگار اور سنہری دن ہے، قائد میاں نوازشریف نے 28 مئی 1998 کو ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، نواز شریف نے امریکی آفر پر دو ٹوک الفاظ میں ابسلوٹلی ناٹ کہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے عالمی دباؤ اور پابندیوں پر ملکی وقار اور خودمختاری کو ترجیح دی، نواز شریف نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، الحمدللہ آج پاکستان کی افواج دشمن پر برتری حاصل کر رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بھارت کبھی 28 مئی اور 10 مئی کے دن نہیں بھولے گا، ایک بھائی نے بھارت کا غرور خاک میں ملایا اور دوسرے بھائی نے بھارت کو دھول چٹائی۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یوم تکبیر پاکستان کے عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت کے طورپر اُبھرنے کا سنہرا دن ہے، ہمارے ایٹمی قوت حاصل کرنے سے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الحمد للہ یہ شرف مسلم لیگ ن اور نواز شریف کو نصیب ہوا جنہوں نے بے پناہ عالمی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے پاکستان کے ایٹمی دھماکے کئے، یہ دن اس عہد کی تجدید کا بھی لمحہ ہے کہ ہم ملکی سالمیت اور تعمیر و ترقی کے فیصلوں میں ہمیشہ قومی مفاد کو مد نظر رکھیں۔