ایک دوسرے کو گالیاں دینے والی ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی اب ایک ہورہی ہیں،عمران خان سیاسی طور پر نابالغ ہیں، وزیراعلی سندھ

 
0
331

سکھر،ستمبر 16(ٹی این ایس): وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کل تک ایک دوسرے کو گالیاں دینے والی ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی اب ایک ہورہی ہے، عمران خان کو کرکٹ کھیلنا آتی ہے لیکن سیاسی طور پر ابھی وہ نابالغ ہیں، آئی جی پولیس کے ساتھ کوئی معاملات نہیں تھے،سارا معاملہ میڈیا نے اٹھایاہمیں آئی جی کے معاملے پر تحفظات ضرور ہیں۔ سندھ میں امن وامان کی صورتحال باقی صوبوں سے بہتر ہے، کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ میچوں کے لیے پی سی بی سے رابطہ کریں گے، کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں انٹرنیشنل میچز کرائے جائیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کوغلام محمد مہرمیڈیکل گرلزہاسٹل کے دورے کے موقع پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عمران خان کوکرکٹ توآتی ہے مگرسیاست کرنا ابھی سیکھنا ہے انہیں مزید سیاست سیکھنی پڑے گی وہ جلد سیاست سیکھ لیں گے۔ عمران خان نے جلسے کیے تو کچھ لوگ ان کی پارٹی میں آگئے جس پر انہیں لگا کہ پورا ملک ان کے ساتھ ہے حالانکہ ایسا بالکل نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ الیکشن میں پی ٹی آئی نے سندھ سے چندنشستیں جیتیں مگروہ2018کے انتخابات میں اس سے بھی ہاتھ دھوبیٹھے گی کیونکہ ان کی کارکردگی سب کے سامنے ہیں۔سندھ پولیس کے سربراہ اے ڈی خواجہ کی آئی جی سندھ کے عہدے پر بحالی کے سوال پروزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ آئی جی سندھ کا معاملہ میڈیا نے اٹھایا اور آگے بھی یہی ہوگا ہمیں آئی جی کے معاملے پر تحفظات ضرور ہیں لیکن ہم عدالت کے حکم پر عمل کررہے ہیں۔آزادی کپ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ کے بڑے شہروں میں بین الاقوامی ٹورنامنٹ کرائے جائیں گے، انٹرنیشنل کرکٹ میچوں کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا جائے گا اور کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بین الاقوامی مقابلے کرائے جائیں گے اس وقت سندھ میں امن کی صورتحال باقی صوبوں سے بہتر ہے۔مردم شماری کے حوالے سے وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اس حساس معاملے پر ہم نے وفاقی حکومت کو کافی خط لکھے ہیں ، مردم شماری کے نتائج پر ہمارا موقف واضح ہے۔