پی ٹی آئی لنگڑا گھوڑا ، انتخابی میدان میں (ن) کے شیر کا مقابلہ نہیں کر سکے گا ‘(ن) لیگ یوتھ ونگ کا دعویٰ 

 
0
507

لاہور ، ستمبر16( ٹی این ایس)  مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ لاہور کے نائب صدر محمد جہانگیر اعوان نے کہا ہے کہ 17ستمبر کوعوام کی عدالت سے آنے والے فیصلے کو ہر کسی کو تسلیم کرنا پڑے گا ،ملکی ترقی کے دشمن این اے 120کے نتائج کے بعد منہ چھپاتے پھریں گے اور انہوں نے نتائج سے ایک روز قبل ہی حسب روایت دھاندلی کا واویلا کرنے کی پریکٹس بھی شروع کر دی ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سازشی عناصر نوشتہ دیوار پڑھ لیں شکست ان کا مقدر ہے جس پر آج عوام اپنی مہر ثبت کر دیں گے۔ آج شیر دھاڑے گا اور اور ہر بیلٹ بکس سے شیر کے مہر والی پرچی ہی نکلے گی ۔ محمد جہانگیر اعوان نے کہا کہ پی ٹی آئی لنگڑا گھوڑا ہے اور آج یہ میدان میں (ن) لیگ کے شیر کا مقابلہ نہیں کر سکے گا۔ کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں اور ہم تمام سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف ملک کی ترقی کی ضامن ہے اور انشااللہ اس کے سفر کو کوئی نہیں روک سکے گا ۔ جہانگیر اعوان نے کہا کہ نہ صر ف آج کے ضمنی انتخاب بلکہ 2018میں ہونے والے عام انتخابات میں بھی پی ٹی آئی کو منہ کی کھانا پڑے گی اور یہ حالیہ سالوں کی طرح اگلے پانچ سالوں میں بھی سڑکوں پر دھول اڑاتے پھریں گے۔