330 بستروں پر مشتمل سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز تیار، شہباز شریف باقاعدہ افتتاح کریں گے

 
0
625

لاہور ، ستمبر 16( ٹی این ایس): 330 بستروں پرمشتمل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز /سروسز ہسپتال انپیشنٹ اینڈ آؤٹ ڈور بلاک مکمل ہونے کے بعد کام کے لئے تیار ہوگیا ہے ، جدید تشخیص و طبی سہولیات سے لیس نو(9) منزلہ عمارت ایک سٹیٹ آف دی آرٹ بلاک ہے جس میں بچوں کے علاج معالجہ کیلئے 180 بستروں پر مشتمل پیڈیاٹرکس یونٹ شامل ہے ، نئے بلاک کی سافٹ لانچنگ کردی گئی ہے تاکہ یہاں فراہم کردہ سہولیات سے عوام فائدہ اٹھا سکیں تاہم باقاعدہ افتتاح وزیراعلی محمدشہبازشریف کریں گے ۔

یہ بات سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے گزشتہ روز سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے نئے او پی ڈی بلاک کے دورہ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر محمو دایاز ، ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر محمد امیر ، سینئر ڈاکٹرز کے علاوہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے افسران بھی موجود تھے ۔ نجم احمد شاہ نے پوری عمارت کا دورہ کیا اور طبی سہولیات اور دیگرانتظامی امور کا جائزہ لیا ۔ انہو ں نے آؤٹ ڈور میں آنے والے مریضوں کی آسانی کیلئے ٹوکن سسٹم/ پرچی سسٹم کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔ انہو ں نے ہدایت کی کہ بزرگ مریضوں کیلئےْ استقبالیہ کا ؤنٹر پر سٹاف میں اضافہ کیاجائے ۔ نجم احمد شاہ نے پیڈز نرسری ، پیڈیاٹرکس وارڈز ، فارمیسی ، پتھالوجیکل لیب کا معائنہ کیا اور زیر علاج بچوں کی ماؤں اور آؤٹ ڈور میں آنے مریضوں سے ہسپتال کی سہولیات بارے دریافت کیا ۔اس موقع پر پر نسپل ڈاکٹر محمو دایاز نے بتایاکہ آؤٹ ڈور بلاک میں قائم ہونے والی پیڈز نرسری پنجاب بلکہ پاکستان کی سٹیٹ آف دی آرٹ بچوں کی نرسری ہے جہاں جدید ترین طبی سہولیات او رانکوبیٹرز کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔قبل ازیں سیکرٹری نجم احمد شاہ نے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے افسران ،پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر محمود ایاز ، ایم ایس ڈاکٹر محمد امیر ، انتظامی ڈاکٹرز اور کنٹریکٹر نے شرکت کی اور سیکرٹری صحت کو نئے بلاک میں تمام امور کی تکمیل کے حوالے سے بریفنگ دی ۔