قومی معیشت کیلئےمشکل دور ختم ہوگیا ہے اور ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے:وزیر اعظم

 
0
118318

اسلام آباد ستمبر 17 (ٹی این ایس)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں آبی ذخائر تعمیر کرنے کی اشد ضرورت ہے لیکن بدقسمتی سے گزشتہ حکومتوں نے اس مسئلے پر قابو پانے کی طرف کوئی خاطر خواہ توجہ نہیں دی۔انہوں نے کہا کہ قومی معیشت کے لئے مشکلات کے دن گزر گئے ہیں اور ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے جہاں سرمایہ کاری کے شاندار اور پرکشش مواقع موجود ہیں۔

نجی نیوز چینل کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اقتصادی استحکام قومی معیشت اور پالیسیوں میں استحکام سے منسلک ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں ملک میں ریکارڈ سرمایہ کاری آئی ہے اور مختلف ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات کے فروغ کے لئے مختلف مراعات کے پیکیج پر عملدرآمد کو حتمی شکل دے رہی ہے۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ملک میں موجودہ سال نومبر کے بعد کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی کیونکہ قومی گرڈ میں دس ہزار میگاوا ٹ بجلی کے اضافے کے بعد بجلی کی رسد اس کی طلب سے بڑھ جائے گی۔

ایک سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ بھارت کے ساتھ تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا خواہشمند رہا ہے لیکن بھارت کی طرف سے مثبت ردعمل کی بجائے کشیدگی میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جاری جدوجہد آزادی پر بھارتی حکام مایوسی کا شکار ہیں اور انہوں نے پاکستان کے کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔