امریکہ افغانستان میں قیام امن کے لئے طالبان کے ساتھ مذاکرات کرے۔وزیر خارجہ خواجہ آصف

 
0
1774

اسلام آباد ستمبر 17 (ٹی این ایس)وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہاہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی افغانستان میں فوجی حل کی سوچ ناکام پالیسی کی عکاسی کرتی ہے اور جنگ زدہ ملک میں امن کی بحالی کے لئے طالبان کے ساتھ بات چیت کی جانی چاہیے۔

اسلام آباد میں وال سٹریٹ جرنل سے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ اگر امریکہ خطے کے عسکریت پسند گروہوں میں اثرو رسوخ رکھنے والے ملکوں کے ساتھ ملکر کام کرے تو طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کا اہتمام کیا جاسکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکی انتظامیہ ناکام حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کے ارکان کو بتائیں گے کہ اس علاقے میں امن بحال ہونا چاہیے اور اس مسئلے کا طاقت کے ذریعے حل ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ، چین، امریکہ او ر افغانستان سمیت چار ملکی گروپ میں ایسے ملکوں کو بھی شامل کیا جاسکتاہے جو طالبان میں اثرو رسوخ رکھتے ہیں۔