اسلام آباد (ٹی این ایس) بھارتی پرزے روسی جنگی ڈرونز میں استعمال ہونے کا انکشاف

 
0
31

اسلام آباد (ٹی این ایس)— یوکرینی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ روسی افواج کی جانب سے یوکرین میں استعمال ہونے والے جنگی ڈرونز میں بھارتی ساختہ پرزے پائے گئے ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، یوکرینی صدارتی چیف آف اسٹاف اندری یرماک نے یہ دعویٰ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹیلیگرام” پر کیا۔
رپورٹ کے مطابق، یہ ڈرونز نہ صرف فرنٹ لائنز پر بلکہ شہری آبادی پر حملوں کے دوران بھی استعمال کیے گئے، جن کے ملبے سے بھارتی پرزے برآمد ہوئے۔ یوکرینی حکام نے بھارتی ساختہ پرزوں کی موجودگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے بھارت کی نام نہاد غیر جانبداری پر سوالات اٹھتے ہیں۔

یوکرین کا مؤقف ہے کہ مودی حکومت روس کو فوجی ساز و سامان فراہم کرکے اس جنگ سے سیاسی اور اقتصادی فائدہ اٹھا رہی ہے، جو یوکرین میں تباہی کا باعث بن رہی ہے۔ یہ انکشاف اس وقت سامنے آیا ہے جب بھارت خود کو روس اور یوکرین کے درمیان تنازع میں غیر جانبدار ظاہر کرتا رہا ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارتی پرزوں کی موجودگی نے نہ صرف مودی سرکار کی دوغلی پالیسی کو بے نقاب کیا ہے بلکہ اس کی جارحانہ خارجہ پالیسی کو بھی عالمی امن کے لیے خطرہ بنا دیا ہے۔

عالمی سطح پر اس معاملے پر سخت ردعمل متوقع ہے، اور بھارت کو اپنی پوزیشن واضح کرنے کے لیے شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔