لاہور ستمبر 17 (ٹی این ایس) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے این اے 120 میں بے ضابطگیوں کا نوٹس نہ لے کر مایوس کیا ہے۔ حکمران خوشحال اور ملک کنگال ہو گیا ہے۔ نواز شریف کا لندن پلان کامیاب نہیں ہو گا۔ وزیر داخلہ کی آئینی اداروں پر تنقید قابل مذمت ہے۔ نیب میں پیش نہ ہونے پر شریف فیملی کی جائیداد ضبط ہو سکتی ہے۔ کرپٹ مافیا کے خلاف جنگ لڑتے رہیں گے اور قومی دولت لوٹنے والوں کو انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔ موجودہ الیکشن کمیشن منصفانہ انتخابات کرانے کی اہلیت نہیں رکھتا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے این اے 120 کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں کے دورے کے دوران کارکنوں اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد نے پنجاب اور وفاقی حکومت کا مقابلہ کیا ہے۔ کرپٹ اشرافیہ مہنگائی، ظلم، بے روزگاری اور معیشت کی بدحالی کی ذمہ دار ہے۔ شاہی خاندان الیکشن کے بعد پھر حلقہ اور ووٹرز کو بھول جائے گا۔ امریکی دھمکیوں کی وجہ موجودہ حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی ہے۔ عمران خان کی گرفتاری کے آرڈر ناانصافی ہے۔ ن لیگ میں ٹوٹ پھوٹ شروع ہو چکی ہے۔ ملکی سیاست میں آنے والے تین ماہ بہت اہم ہیں۔ بہت کچھ تبدیل ہونے والا ہے۔