وزیرداخلہ کی چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت منصوبوں کی موثر سیکیورٹی یقینی بنانےکیلئے سیکیورٹی اداروں کی استعداد کار میں اضافے کی ہدایت

 
0
331

اسلام آباد ستمبر 18 (ٹی این ایس) وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں کی بدولت پاکستان دنیا بھر میں مرکز نگاہ بن گیاہے۔چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت منصوبوں کی موثر سیکیورٹی  یقینی بنانے کے لئے وزیرداخلہ نے سیکورٹی اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے یہ بات پیر کے روز اسلام آبا میں اقتصادی راہداری کی سیکیورٹی  سے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپ کے اجلاس کی صدارت کے دوران کہی۔

وزیرداخلہ نے سمندری حدود کی موثر سلامتی کے لئے کوسٹ گارڈز کو فعال کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں، انہوں نے کہا کہ سمندری حدود کی سلامتی اقتصادی راہداری سے متعلق منصوبوں کے تحفظ کے لئے ناگزیر ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبوں کے حوالے سے پاکستان کا دورہ کرنے والے چینی باشندے ہمارے مہمان ہیں اور اُن پر حملہ پاکستان پر حملہ تصور ہوگا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں کی بدولت پاکستان دنیا بھر میں مرکز نگاہ بن گیاہے انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری سے پاکستان اور چین کے عوام سمیت پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ ورکنگ گروپ کے اجلاس ہر ماہ ہونے چاہئیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان کے دورے پر آنے والے چینی باشندوں کے بارے میں صوبوں کے لئے آن لائن معلومات کی فراہمی کی غرض سے ایک ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے۔