ملک میں دہشتگردی کو امپورٹ کیا گیا ،انتہاء پسند مائینڈ سیٹ تبدیل ہوئے بغیر امن ممکن نہیں ،نیشنل ایکشن پلان کی ناکامی ہم سب کی ناکامی ہوگی۔رحمان ملک

 
0
389

اسلام آباد،ستمبر 18 (ٹی این ایس): پیپلز پارٹی کے رہنماء اور سینٹ کے رکن رحمان ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کو امپورٹ کیا گیا اور ہم اسوقت اسی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔
سوموار کو سینیٹ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر بحث کے دوران انھوں نے کہا کہ اگرچہ دہشت گردی پورے عالم اسلام کا مسلہ ہے تاہم پاکستان میں اسکے بیج کو امپورٹ کیا گیا۔انھوں نے سابق امریکی وزیرِ خارجہ ہیلری کلنٹن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ خودکہتی ہیں کہ امریکہ نے پاکستان اور افغانستان میں جہادیوں کو پلانٹ کیا اور انکو پیسے دئیےچنانچہ جہاد کا بیچ بویا گیا القاعدہ بنائی گئ اور اس میں سب رجسٹر ہوتے گئے۔
رحمان ملک نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشتگردی کی ہمارے پاس کوئی تشریح موجود نہیں ہے تاہم یہ پوری امت مسلمہ کا مسلہ ہے۔انھوں نے سوال کیا ہے کہ دہشت گردی سے صرف مسلم ممالک ہی متاثر کیوں ہیں کیا دنیا میں دہشتگردی صرف مسلمانوں کے لیے رہ گئی ہے؟رحمان ملک نے کہا کہ برما میں آگ سازش کے تحت لگائی گئی ہے۔
نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسکی ناکامی ہم سب کی ناکامی ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ انتہاء پسند مائینڈ سیٹ کو تبدیل کئے بغیر امن ممکن نہیں۔