اسلام آباد (ٹی این ایس) تھانہ کورال پولیس کی بروقت کارروائی، شہری کا پلاٹ قبضہ مافیا سے محفوظ تھانہ کورال کے ایس ایچ او مہر اللہ نے اپنی فرض شناسی اور پیشہ ورانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک شہری کے پلاٹ پر قبضہ کی کوشش ناکام بنا دی۔ اس بروقت اقدام کو علاقے کے عوام کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، متاثرہ شہری نے 15 پر کال کر کے اطلاع دی کہ مصطفیٰ نامی ڈیلر زبردستی اُس کے پلاٹ پر تعمیراتی کام رکوا کر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور ساتھ ہی جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دے رہا ہے۔ اطلاع ملنے پر معمول کے مطابق ڈیوٹی آفیسر بھیجنے کے بجائے ایس ایچ او مہر اللہ خود موقع پر پہنچ گئے۔ ایس ایچ او کی اچانک آمد کا سن کر ملزم مصطفیٰ اپنے ساتھیوں سمیت موقع سے فرار ہو گیا۔
متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ ایس ایچ او صاحب نے صرف موقع پر جا کر مداخلت پر اکتفا نہیں کیا بلکہ فوری طور پر ملزم مصطفیٰ کا پتہ لگایا اور اسے تھانے طلب کر کے سختی سے پوچھ گچھ شروع کی کہ کس قانون کے تحت اس نے دھمکیاں دیں اور پلاٹ پر غیرقانونی قبضے کی کوشش کی۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ مذکورہ پلاٹ ماضی میں بھی قبضہ مافیا کے نشانے پر رہا ہے۔ سابقہ ایس ایچ او عالمگیر خان نے ایس ایس پی آپریشنز شعیب خان کی خصوصی ہدایت پر اس پلاٹ کو واگذار کروایا تھا۔ شہری کا کہنا تھا کہ اگر آج ایس ایچ او مہر اللہ ذاتی طور پر موقع پر نہ جاتے تو ممکن تھا کہ ڈیلر کسی اثر و رسوخ کے ذریعے اس پلاٹ پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہو جاتا۔
علاقہ مکینوں اور متاثرہ شہری نے ایس ایچ او مہر اللہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان افسر عوامی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں، فون کال پر صرف ٹیم بھیجنے کے بجائے خود موقع پر پہنچتے ہیں اور عوامی مسائل کو براہِ راست حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر پولیس کے دیگر افسران بھی اسی جذبے سے کام کریں تو قبضہ مافیا اور جرائم پیشہ عناصر کے حوصلے پست ہو جائیں گے۔
اہلِ علاقہ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ایس ایچ او مہر اللہ جیسے محنتی اور ایماندار افسران اسلام آباد پولیس کا وقار بلند کریں گے اور عوام میں پولیس پر اعتماد بحال کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔













