استنبول (ٹی این ایس)(آئی پی ایس) نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار استنبول پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ غزہ کی تازہ صورتحال پر ہونے والے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
یہ اجلاس جمہوریہ ترکیہ کے وزیرِ خارجہ حاکان فیدان کی میزبانی میں منعقد ہو رہا ہے۔ اجلاس میں عرب اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ غزہ کی صورتحال پر مشاورت کریں گے۔ترکیہ آمد پر نائب وزیرِ اعظم کا استقبال ترکیہ اور پاکستانی سفارت خانے کے حکام نے کیا۔
ترجمان دفترِ خارجہ طاہر اندرابی کے مطابق اجلاس میں پاکستان غزہ میں جنگ بندی معاہدے پر مکمل عملدرآمد، اسرائیلی افواج کے انخلاء، فلسطینی عوام تک بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور غزہ کی تعمیرِ نو پر زور دے گا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت اجاگر کرے گا ۔ ایسی ریاست جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو اور جو 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور عرب امن منصوبے کے تحت قائم ہو۔
دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان سات دیگر عرب و اسلامی ممالک کے ساتھ اس امن کوشش کا حصہ رہا ہے جس کے نتیجے میں شرم الشیخ میں غزہ امن معاہدہ طے پایا تھا۔پاکستان امن، انصاف اور فلسطینی عوام کی عزتِ نفس کی بحالی کے لیے پرعزم ہے اور ان کے حقِ خودارادیت کے حصول کی حمایت جاری رکھے گا۔













