اسلام آباد (ٹی این ایس) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کی آرچ بشپ جرمینو پینیموٹے سے ملاقات

 
0
31

اسلام آباد، 3 نومبر (ٹی این ایس) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے آج اسلام آباد میں ہولی سی کے سفیر، آرچ بشپ جرمینو پینیموٹے نے ملاقات کی۔وزیرِ مملکت برائے قانون وانصاف ، بیرسٹر عقیل ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ملاقات میں باہمی امور، خصوصاً پاکستان میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق اور فلاح و بہبود کے حوالے سے جاری حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے گفتگو کے دوران مسیحی برادری کی قومی ترقی میں خدمات، خصوصاً تعلیم، صحت اور سماجی شعبوں میں کردار کا ذکر کیا اور کہا کہ مسیحی مشنری تعلیمی اور طبی اداروں نے طویل عرصے سے پاکستانی معاشرے کی خدمت کی ہے۔

ملاقات میں حکومت کی جانب سے اقلیتی برادریوں کے تحفظ، شمولیت اور سہولت رسانی سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا، جن میں عبادت گاہوں کی سیکیورٹی اور بحالی، برابری اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے نظام کی مضبوطی، اور تعلیمی وظائف، ہنر مندی کے مواقع اور مالی معاونت کی فراہمی شامل ہیں۔

آرچ بشپ جرمینو پینیموٹے نے ان اقدامات کو سراہا اور مذہبی ہم آہنگی اور سماجی اتفاق کے فروغ کے لیے جاری تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تمام شہریوں کے مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور مواقع کی فراہمی کے لیے پیش رفت جاری رکھی جائے گی