نواز شریف نے ضمانت میں توسیع کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی، نظر ثانی درخواست پر فیصلہ ہونے تک عبوری ضمانت میں توسیع کی جائے. درخواست میں استدعا

 
0
364

اسلام آباد اپریل 30 (ٹی این ایس): سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے 6 ہفتوں کی ضمانت میں توسیع کے لیے سپریم کورٹ آف پاکستان میں درخواست دائر کر دی ہے. نواز شریف نے اپنی درخواست میں استدعا کی ہے کہ نظر ثانی درخواست پر فیصلہ ہونے تک عبوری ضمانت میں توسیع کی جائے‘انہوں نے یہ بھی استدعا کی ہے کہ امید ہے کہ سپریم کورٹ سے نظرثانی کی درخواست منظور ہو جائے گی. تفصیلات کے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے وکیل کے توسط سے سپریم کورٹ میں عبوری ضمانت میں توسیع کے لیے درخواست دائر کی ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نواز شریف کی عبوری ضمانت 7 مئی کو ختم ہورہی ہے، عدالتی حکم کے مطابق 6 ہفتوں کے بعد ضمانت خود بخود ختم ہوجائے گی، نواز شریف نے 26 مارچ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی درخواست دائر کررکھی ہے، جس پر فیصلہ ہونے تک عبوری ضمانت میں توسیع کی جائے، عبوری ضمانت میں توسیع نہ ہوئی تو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا، امید ہے کہ سپریم کورٹ سے نظرثانی کی درخواست منظور ہوجائے گی.
واضح رہے کہ 26 مارچ کو سپریم کورٹ نے نواز شریف کی طبی بنیادوں پر 6 ہفتوں کے لیے عبوری ضمانت منظور کی تھی، عدالت نے اپنے فیصلے میں نواز شریف کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کی تھی۔ نواز شریف نے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ انہیں دل اور گردوں کے امراض لاحق ہیں. اس کے علاوہ سابق وزیراعظم ہائی بلڈ پریشر، شوگر اور گردوں کے تیسرے درجے کی بیماری میں مبتلا ہیں، لہذا نواز شریف کو علاج کے لیے صرف پاکستان کے اندر پابند کرنے کے 26 مارچ کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے. یہ امر قابل ذکر ہے کہ نواز شریف کی 6ہفتوں کی عبوری ضمانت کی مدت 7 مئی کو ختم ہو رہی ہے، جبکہ انہوں نے 26 مارچ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی درخواست دائر کر رکھی ہے.