حکومت عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کے لیے وسائل بروئے کار لارہی ہے، صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یو سفزئی

 
0
340

پشاور اپریل 30 (ٹی این ایس): وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یو سفزئی نے کہا ہے کہ حکومت صوبے میں دستیاب قدرتی وسائل کو زیادہ سے زیادہ استعمال میں لا رہی ہیں تاکہ سستے ذرائع سے عوام کی توانائی کی ضروریات پوری کی جا سکیں ۔ وہ سول سیکرٹریٹ اور وزیراعلی سیکرٹریٹ میں سولرائزیشن سسٹم کی تنصیب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ سستی بجلی پیدا کر کے ملک کو درپیش توانائی کے بحران سے نکلا جاسکتا ہے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ حکومت نے توانائی ایکشن پلان پر بڑی تیزی کے ساتھ کام شروع کر رکھا ہے، وزیراعلی سیکرٹریٹ اور سول سیکرٹریٹ کو شمسی نظام سے منسلک کرنے کے منصوبوں سے 950 کلو واٹ روزانہ کے حساب سے سستی بجلی پیدا کی جا سکے گی۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ صوبے بھر کی 4 ہزار 440 مساجد کوسولرائزیشن سسٹم سے منسلک کیا جارہا ہے جبکہ 8 ہزار سکولوں اور 187 بی ایچ یوزمیں بھی شمسی توانائی کا نظام لایا جارہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ 100 دیہات کی سولرائزیشن کے منصوبے کے ساتھ ساتھ 2900 گھروں میں سولر سسٹم نصب کرنے کا منصوبہ بھی جاری ہے۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع میں بھی مساجد ، تبلیغی مراکز، مدرسوں ، سکولوں اور عوامی مقامات کو شمسی توانائی کے نظام سے منسلک کیا جارہا ہے جبکہ ضم اضلاع میں پینے کے صاف پانی اور ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر پہلے ہی منسلک کیا جا چکا ہے۔
انھوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا بیش بہا قدرتی وسائل سے مالا مال ہے ، ہائیڈرو پاور کے منافع سے آئی پی پیز کو سبسڈائز کیا جاتا رہا ۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پچھلی حکومتیں قوم کی بہتری کی بجائے کرپشن میں مصروف رہی اگر وہ قوم کے لئے ڈیم بنا تیں تو آج مشکلات نہ ہو تیں،سیاست کے لیے ڈیموں کو متنازع بنایا گیا۔انھوں نے کہا کہ پورے ملک کے لیے خیبر پختونخوا نے چیلنج قبول کیا اور تین سالوں میں بلین ٹری سونامی منصوبہ کامیابی سے پورا کیا جبکہ اپوزیشن صوبے کو اس کاکریڈٹ دینے کے بجائے متنازعہ بنا رہی ہے۔