رمضان المبارک کا چانددیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 5 مئی کو طلب، پروفیسر حمزہ نعیم کی چاند 6 مئی کی شام نظر آنے کی پیشگوئی

 
0
1300

اسلام آباد اپریل 30 (ٹی این ایس): رمضان المبارک 1440ھ کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 5 مئی بروز اتوار بمطابق 29شعبان المعظم کی شام بوقت نماز مغرب طلب کر لیا گیا ہے۔محکمہ مذہبی امور کے ذرائع نے بتایاکہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 5 مئی بروز اتوار کی شام بوقت نماز مغرب میٹ کمپلیکس کراچی میں منعقد ہو گا جس کی صدارت روئت ہلال کمیٹی کے مرکزی چیئرمین مفتی منیب الرحمن کریں گے جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس لاہور ، کوئٹہ ، پشاور وغیرہ میں ان کے مقررہ مقامات پر منعقد کئے جائیں گے جس میں رمضان المبارک کے چاند کی رویت کے حوالے سے اعلان کیا جائے گا۔
انہوںنے بتایا کہ ملک بھر سے موصول شدہ شہادتوں اور روئت ہلال کمیٹی کے ممبران کے فیصلہ کے مطابق مرکزی چیئر مین مفتی منیب الرحمن میڈیا پر چاند کی رویت اور رمضان المبارک کے مقدس مہینہ کے آغاز کے بارے میں اعلان کریں گے۔دوسری جانب تمام اسلامی تہواروں اور مذہبی ایام کے بارے میں گزشتہ 50سالوں سے 100فیصد درست پیشگوئیاں کرنے والے ملک کے ممتاز ماہر فلکیات ، قمر شناس ، علم الاعداد پروفیسر محمد حمزہ نعیم پرنسپل (ر)گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج جھنگ نے پیشگوئی کی ہے کہ رمضان المبارک 1440ھ کا چاند 6مئی بروز پیر کی شام بوقت نماز مغرب نظر آئے گا جبکہ یکم رمضان المبارک 7مئی بروز منگل کو ہو گی۔
ایک ملاقات کے دوران انہوںنے بتایاکہ نیو مون 5مئی بروز اتوار کو پیدا ہو گا لیکن اس روز بوقت نماز مغرب اس کا لیگ ٹائم پورا نہ ہونے کے باعث اسے دیکھنا ممکن نہ ہو گا۔انہوں نے بتایاکہ چونکہ 6مئی بروز پیر کی شام بوقت نماز مغرب نیو مون کی طبعی عمر پوری ہو گی اسلئے اسے بعد نماز مغرب ننگی آنکھ کے ساتھ دیکھنا ممکن ہو سکے گا۔انہوںنے مزید بتایاکہ شوال کا چاند 4 جون بروز منگل کی شام نظر آئے گا جس کے باعث یکم شوال 5جون بروز بدھ کو ہو گی۔