راولپنڈی (ٹی این ایس) تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ کر لیا ہے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلےگئے سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کا 212 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 45ویں اوور میں بآسانی حاصل کر لیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے ناقابل شکست 61 رنز اور حسین طلعت نے 42 رنز کی اننگز کھیلی ۔ اوپنر بلے باز فخر زمان نے سیریز میں ایک اور ففٹی بناتے ہوئے 55 رنز اسکور کیے جب کہ دوسرے میچ میں سنچری بنانے والے بابر اعظم 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ وکٹ کیپر بیٹر حسیب اللہ خان 12 گیندوں کا سامنا کرنے کے باوجود کھاتہ بھی کھول نہ سکے، جب کہ سلمان علی آغا نے صرف 6 رنز اسکور کیے۔ سری لنکا کی جانب سے جیفری وینڈرسے 3.مہیش ٹھیکشانہ ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ اس سے قبل، سری لنکا ٹیم پاکستانی باؤلرز کے سامنے جم کر بیٹنگ نہ کر سکی اور پوری ٹیم 46ویں اوور میں 211 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ مڈل آرڈر بیٹر سدھیرا سمارا وکرما نے 48 رنز بنا کر پاکستانی باؤلرز کے سامنے مزاحمت کرتے دکھائی دیے، کپتان کوسال مینڈس 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کامل مشارا 29 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے۔ پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے 47 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، نوجوان اسپنر فیصل اکرم اور فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے 2، 2 وکٹیں اپنے نام کیں، فہیم اشرف اور کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک شکار کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان نے ون ڈے سیریز کے پہلے مقابلے میں مہمان ٹیم کو 6 وکٹوں اور دوسرے ون ڈے میں 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔















