اسلام آباد۔7دسمبر (ٹی این ایس):وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور جدید گاڑیوں کی لانچنگ پر ایم جی موٹرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی پیش رفت اس بات کی علامت ہے کہ ملک درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔وہ اتوار کو ایم جی موٹرز کی جانب سے MG U9 اور دیگر ماڈلز کی لانچنگ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان سمیت دیگر معزز مہمان بھی موجود تھے۔
اپنے خطاب میں وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی نے کہا کہ اس نوعیت کی سرمایہ کاری پاکستان کی معاشی ترقی و توسیع میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں عوامی فلاح کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طاقت کا اندازہ ہماری مسلح افواج کی معرکہ حق میں شاندار کارکردگی سے لگایا جا سکتا ہے جس نے ملک کو دنیا بھر میں نمایاں مقام دلایا۔انہوں نے کہا کہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ سرمایہ کاری کے مزید مواقع فراہم کرکے ملکی معیشت کو مضبوط بنایا جائے۔
وفاقی وزیر نے گزشتہ چند ماہ میں ٹیکسٹائل کے شعبے میں نمایاں ترقی کا بھی حوالہ دیاجو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان مختلف تجارتی شعبوں میں قائدانہ صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے برسوں میں مزید ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کی توقع ہےجو ترقی کے نئے دروازے کھولے گی۔انہوں نے کہا کہ مجھے آنے والے برسوں میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی پر مکمل یقین ہے۔حنیف عباسی نے ملکی اتحاد و اتفاق پر زور دیتے ہوئے دشمن عناصر کے ایجنڈے کو ناکام بنانے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلسل مدد کے باوجود افغانستان نے تاریخ میں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ مخاصمانہ رویہ اختیار کیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار یاسر الیاس خان نے پاکستان میں بین الاقوامی معیار کے چھ آؤٹ لیٹس قائم کرنے پر ایم جی موٹرز کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان سرمایہ کاری کے وسیع مواقع رکھتا ہے۔انہوں نے گزشتہ پانچ سے 6 سالوں میں پاکستان کی مجموعی ترقی، خصوصاً الیکٹرک گاڑیوں (ای ویز) کی فروخت میں مسلسل اضافے کا ذکر کیا۔انہوں نے حکومت کی جانب سے سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرنے کے عزم کو بھی سراہا اور بتایا کہ جلد متعارف ہونے والی “نیشنل الیکٹرک وہیکل پالیسی” کے تحت ہر نئی تعمیر ہونے والی عمارت اور شاپنگ مال میں ای وی چارجنگ اسٹیشنز کی تنصیب لازمی ہوگی جس سے صارفین اور سرمایہ کاروں دونوں کو فائدہ پہنچے گا۔
سردار یاسر الیاس نے ایم جی موٹرز کی جانب سے اعلیٰ استعداد کی حامل ایسی گاڑی متعارف کرانے کو بھی سراہا جو کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے ہر خطے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ان گاڑیوں کے لیے ایک بڑی مارکیٹ رکھتا ہے اور یہ گاڑیاں سیاحت کے فروغ میں بھی مددگار ثابت ہوں گی، خصوصاً چولستان ریلی جیسے مقابلوں کے لیے بہترین ہیں۔انہوں نے کہا کہ آنے والے سالوں میں پاکستان کی معیشت غیر متوقع طور پر بلند سطح پر پہنچنے کی صلاحیت رکھتی ہے جبکہ عالمی بینک کے مطابق 2050 تک پاکستان کی معیشت 3.2 ٹریلین ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔













