کراچی (ٹی این ایس) سندھ کی ثقافت صدیوں پر مشتمل عظیم تہذیب اور صوفیانہ روایات کا عکس ہے، سید ناصر حسین شاہ سندھ کی دھرتی امن، بھائی چارے، رواداری اور یکجہتی کا گہوارہ ہے،وزیر بلدیات سندھ کراچی صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے یومِ ثقافت کے موقع پر دنیا بھر میں موجود سندھی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن سندھ کی پہچان، تہذیبی تسلسل اور اجتماعی یکجہتی کا دن ہے، ہر شہر، ہر بستی اور ہر گلی ثقافتی رنگوں، اجرک اور ٹوپی کی شان سے جگمگا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی ثقافت صدیوں پر مشتمل عظیم تہذیب اور صوفیانہ روایات کا عکس ہے جو انسانیت، محبت اور برداشت کا پیغام دیتی ہے، یومِ ثقافت ہمیں اپنے ورثے کی حفاظت اور روایات سے وفاداری کے عزم کی تجدید کرواتا ہے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ کا ورثہ ہماری طاقت اور ہمارا فخر ہے، اجرک اور ٹوپی ہماری تہذیبی پہچان ہونے کے ساتھ ساتھ محبت اور احترام کی علامت ہیں، نوجوان ثقافت کے حقیقی سفیر بن کر عالمی سطح پر سندھ کے مثبت امیج کو اجاگر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سندھی اپنی ثقافت کو بے حد احترام اور جذبے کے ساتھ مناتے ہیں، عوام کا جوش وخروش اور ثقافتی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا قابلِ ستائش ہے، سندھ کی دھرتی امن، بھائی چارے، رواداری اور یکجہتی کا گہوارہ ہے، اور آج پوری دنیا میں ثقافت سندھ محبت اور انسانیت کا مضبوط پیغام بن چکی ہے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ ہم اپنی ثقافت کے ذریعے دنیا کو امن، محبت اور بھائی چارے کا مثبت پیغام دیتے رہیں گے













