اسلام آباد (ٹی این ایس) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد کا فاطمہ میموریل ڈسپنسری کا دورہ

 
0
17

اسلام آباد (ٹی این ایس) : ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر سیدہ رشیدہ بتول نے مسٹر عبدالحق عمرانی، اے آئی جی / لاجسٹکس، کے ہمراہ پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں واقع فاطمہ میموریل ڈسپنسری کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے ڈسپنسری میں فراہم کی جانے والی صحت سہولیات کا جائزہ لیا اور اسلام آباد کیپیٹل پولیس کی جانب سے سروس ڈیلیوری اور صحت کی سہولیات میں بہتری کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں اور ان کے اہلِ خانہ کو معیاری بنیادی صحت سہولیات فراہم کرنے کی کوششوں کی تعریف کی۔
ڈاکٹر سیدہ رشیدہ بتول نے آئندہ باہمی تعاون کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا جن میں توسیعی حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام (EPI)، ڈینگی کی روک تھام اور کنٹرول، اور ہیلتھ اسٹاف کی استعداد بڑھانے کے لیے تربیتی پروگرام شامل ہیں۔ انہوں نے عوامی صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے بین الادارہ جاتی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
دورے کے اختتام پر صحت کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔