حسن ابدال (ٹی این ایس) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن پر عملدرآمد جاری وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن

 
0
3

 حسن ابدال (ٹی این ایس) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن پر عملدرآمد جاری
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن، کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا کی ہدایات پر حسن ابدال میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ و تحصیلدار چوہدری شفقت محمود نے مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ روز دو بیکریوں پر صفائی کے ناقص انتظامات اور مٹھائی کھلی رکھنے پر جرمانے عائد کیے اور سخت وارننگ جاری کی۔
اس کے علاوہ حسن ابدال میں سہولت بازار کے قیام میں چوہدری شفقت محمود نے کلیدی کردار ادا کیا، جسے عوام اور تاجر برادری نے ایک تاریخی اور انقلابی اقدام قرار دیا ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ سہولت بازار کے قیام سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ شہریوں کو روزمرہ استعمال کی اشیاء سرکاری نرخوں پر دستیاب ہوں گی، جس سے مہنگائی کے دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی۔
عوامی حلقوں کے مطابق جب سے چوہدری شفقت محمود نے تحصیل حسن ابدال کا چارج سنبھالا ہے، امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے۔ غیر قانونی تجاوزات اور غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی گئیں جبکہ گراں فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن سے شہریوں کو حقیقی ریلیف ملا ہے۔
مزید برآں حفظانِ صحت کے اصولوں پر سختی سے عملدرآمد، اشیائے خورونوش کے معیار کی جانچ پڑتال اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو عوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شفقت محمود نے کہا کہ عوامی خدمت ان کا مشن ہے اور وہ دن رات اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ منظم ٹیم ورک اور اعلیٰ حکام کی رہنمائی کے باعث قلیل مدت میں دونوں تحصیلوں میں انتظامی نظم و ضبط کو بہتر بنایا گیا ہے۔
عوامی حلقوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ چوہدری شفقت محمود ایک اصول پسند، نڈر اور عوام دوست افسر ہیں جو کسی دباؤ یا سفارش کو خاطر میں لائے بغیر تجاوزات کے خاتمے، گراں فروشی کے خلاف کارروائی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
چوہدری شفقت محمود نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات جاری رکھے جائیں گے اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔