حکومت نے فاٹا میں ملک کے دیگر صوبوں کی طرح پولیس اور عدالتی نظام نافذ کردیا

 
0
429

اسلام آبادستمبر23(ٹی این ایس) حکومت نے فاٹا میں ملک کے دیگر صوبوں کی طرح پولیس اور عدالتی نظام نافذ کردیا۔12 ستمبر کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فاٹا اصلاحات کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی تھی جس میں حکومت نے ایف سی آر کے خاتمے کیلئے نیا بل لانے کا فیصلہ کیا تھا۔ذرائع کے مطابق حکومت نے پولیس کا دائرہ اختیار وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے فاٹا تک بڑھاتے ہوئے علاقے میں پولیس ایکٹ 1861 نافذ کردیا ہے جس کے تحت علاقے میں پاکستان کے دیگر صوبوں کی طرح پولیس نظام کا نفاذ ہوگیا نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ فاٹا میں لیویز کے نظام کو پولیس کے نظام سے بدل دیا گیا ہے، فاٹا کے لیویز کے دفاتر پولیس سے تبدیل کردیئے گئے ہیں اور اب لیویز کمانڈنٹ کے بجائے آئی جی پولیس سربراہ ہوں گے جبکہ نائب تحصیلدار سے کم عہدے کے شخص کو پولیس افسرتعینات نہیں کیا جا سکے گا۔ذرائع نے بتایا کہ فاٹا کے بنیادی عدالتی نظام میں بھی تبدیلیاں کردی گئی ہیں جس کے بعد فاٹا میں پاکستان کے دیگرعلاقوں کی طرز کا عدالتی نظام لاگو ہوگا۔ذرائع کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین نے اہم تبدیلیوں کی منظوری دیدی ہے اور اس کا نوٹی فکیشن بھی وزارت سیفران جلد جاری کرے گی۔