فتح جنگ (ٹی این ایس) تحصیلدار فتح جنگ چوہدری شفقت محمود کی زیر صدارت رمضان المبارک کے دوران مستحق افراد کے لیے افطار دسترخوان کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

 
0
4

فتح جنگ (ٹی این ایس) تحصیلدار فتح جنگ چوہدری شفقت محمود کی زیر صدارت رمضان المبارک کے دوران مستحق افراد کے لیے افطار دسترخوان کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران شہر اور گرد و نواح میں بڑے پیمانے پر افطار دسترخوان لگانے کے فیصلے کیے گئے۔ تحصیلدار چوہدری شفقت محمود نے بتایا کہ اس سال فتح جنگ میں مجموعی طور پر آٹھ افطار دسترخوان لگائے جائیں گے جو میونسپل کمیٹی، مختلف پارکس، ٹی ایچ کیو ہسپتال، کھوڑ روڈ اور دیگر اہم مقامات پر قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان افطار دسترخوانوں کا اہتمام مخیر حضرات کی جانب سے کیا جائے گا اور اس ضمن میں انہوں نے اہلِ ثروت افراد سے بھرپور تعاون کی درخواست کی ہے۔ تحصیلدار فتح جنگ نے کہا کہ افطار دسترخوانوں کی نگرانی وہ خود اور مخیر حضرات کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال افطار دسترخوان کا انتظام زیادہ بہتر، منظم اور وسیع ہوگا تاکہ زیادہ سے زیادہ روزہ دار اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ چوہدری شفقت محمود کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک برکتوں، رحمتوں اور ایثار کا مہینہ ہے اور ہم سب کے لیے یہ نیکیاں سمیٹنے کا سنہری موقع ہے، لہٰذا اجتماعی طور پر غریب اور مستحق روزہ داروں کی خدمت کو یقینی بنایا جائے گا۔