قائد اعظم انٹرنیشنل ہسپتال کے ڈاکٹرز اور عملے کی مبینہ غفلت، سولہ سالہ نوجوان جاں بحق، ڈاکٹرز اور عملے کے خلاف مقدمہ درج

 
0
1381

اسلام آباد اپریل 18 (ٹی این ایس)قائد اعظم انٹرنیشنل ہسپتال میں 16سالہ لڑکے کے جاں بحق ہونے کا معاملہ ایڈیشنل اینڈ ڈسٹرکٹ سیشن جج کی عدالت کی جانب سے ڈاکٹر اور عملے کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات صادر کرنے کے بعد اسلام آباد تھانہ شمس کالونی پولیس نے  ڈاکٹر اور عملے  کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق فتح جنگ کے معروف تاجر طارق محمود اپنے سولہ سالہ بیٹے بلال کو شدید علالت میں قائد اعظم انٹر نیشنل ہسپتال گولڑہ موڑ اسلام آباد لے گئے جہاں ایمرجنسی کے بعد بچے کو ایچ ڈی یو وارڈ میں منتقل کر کے بتایا گیا ڈاکٹر طلحہٰ وقار سپیشلسٹ موجود ہیں جو چیک اپ کرینگے، پوری رات گزر نے کے باوجود ڈاکٹر نے مریض کو دیکھنے کی زحمت ہی نہیں کی اور فون پر انجکشن لگانے کی ہدایت کی، انجکشن لگنے پر بلال کی طبیعت زیادہ بگڑ گئی، ڈاکٹراور عملے کی مجرمانہ غفلت و نااہلی اور مناسب و بروقت علاج نہ ہونے سے بچے نے جان دے دی۔

بلال کے والد طارق محمود نے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں ڈاکٹر اور عملے خلاف عدالت سے رجوع کیا۔ مدعی کی درخواست پر ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد سید فیضان حیدر نے ڈاکٹر طلحہٰ وقار اور ہسپتال کے عملے کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات صادر کئےتھے۔