اسلام آباد (ٹی این ایس) آئی جی سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اہم اجلاس کا انعقاد, افسران کو ماہ رمضان المبارک میں شہریوں کی سہولت و حفاظت کے اقدامات کو تیز کرنے، ڈیوٹیز پر مامور پولیس افسران کی ویلفیئر کو مدنظر رکھتے ہوئے سحر و افطار کے اوقات میں مناسب اقدامات کرنے کے حوالے سے احکامات دئیے۔ تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میںاہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرزملک جمیل ظفر ، اے آئی جی لاجسٹکس عبدالحق عمرانی ، اے آئی جی جنرل سید عنایت علی شاہ ، ایس ایس پی پرزنز علی اکبر سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ماہِ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت اور تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے جامع حکمتِ عملی پر غور کیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ مساجد، امام بارگاہوں، تجارتی مراکز، رمضان بازاروں اور اہم عوامی مقامات پر سکیورٹی اقدامات مزید مو¿ثر بنائے جائیں۔ انہوں نے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، اسٹریٹ کرائم کی روک تھام، گشت میں اضافے اور ایمرجنسی ریسپانس کو مزید فعال بنانے پر بھی زور دیا۔مزید برآں ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران وجوانوں کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے سحر و افطار کے اوقات میں خصوصی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں، تاکہ تمام افسران و جوان اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے انجام دے سکیں۔ آئی جی اسلام آباد نے واضح کیا کہ فورس کی ویلفیئر اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔اجلاس میں اسلام آباد پرزن کی تعمیر سے متعلق پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایس ایس پی پرزنز نے آئی جی اسلام آباد کو اسلام آباد پرزن کے جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی، اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے متعلقہ افسران کو تعمیراتی معیار، بروقت تکمیل اور سکیورٹی تقاضوں کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔آخر میں آئی جی اسلام آباد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور پرامن ماحول کی فراہمی پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لئے تمام افسران و جوان اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے















