اسلام آباد (ٹی این ایس) پلس ایکٹو شارکس ٹیم پریمیر پیڈل لیگ (پی پی ایل) کی چیمپئن بن گئی

 
0
4

اسلام آباد (ٹی این ایس) پلس ایکٹو شارکس ٹیم پریمیر پیڈل لیگ (پی پی ایل) کی چیمپئن بن گئی، شارکس نے پی پی ایل کیٹگری اے کے فائنل میں سٹالینز کو شکست دی۔ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام کے میدان پیڈل کلب میں پی پی ایل کیٹگری بی فائنل میں مارخور نے سٹالینز جبکہ کیٹگری سی فائنل میں ہاکس نے بلز کو شکست دی۔ کلب چیمپئن کا اعزاز سٹالینز نے حاصل کیا۔ پریمیر پیڈل لیگ کے سی ای او باسم احمد عبدﷲ نے اسلام آباد پیڈل ایسوسی ایشن کے صدر شہزاد اقبال، پی پی ایل کی فاتح شارکس کے مالک عاطف حسین، ثمر عباس و دیگر مہمانوں کے ہمراہ انعامات تقسیم کیے۔لیگ کی مجموعی انعامی رقم 3 کروڑ روپے رکھی گئی۔ کیٹیگری اے میں پہلی پوزیشن والی ٹیم شارکس کو 12 لاکھ روپے، دوسری پوزیشن کو 10 لاکھ روپے، تیسری پوزیشن کو 8 لاکھ روپے اور چوتھی پوزیشن کو 6 لاکھ روپے، کیٹیگری بی میں پہلی پوزیشن پر 10 لاکھ روپے، دوسری پوزیشن پر 8 لاکھ روپے، تیسری پوزیشن پر 6 لاکھ روپے، چوتھی پوزیشن پر 4 لاکھ روپے جبکہ کیٹیگری سی میں پہلی پوزیشن پر 4 لاکھ روپے، دوسری پوزیشن پر 3 لاکھ روپے، تیسری پوزیشن پر 2 لاکھ روپے اور چوتھی پوزیشن پر 1 لاکھ روپے کی انعامی رقم سے نوازا گیا۔ باسم احمد نے بتایا کہ پریمیئر پیڈل لیگ پاکستان کی پہلی اسٹرکچرڈ فرنچائز بیسڈ پیڈل لیگ ہے جس کا مقصد ملک میں اس کھیل کو فروغ دینا اور کھلاڑیوں کو ایک پروفیشنل پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔اسلام آباد لیگ کے کامیاب انعقاد کے بعد اب لیگ کا اگلا مرحلہ لاہور میں منعقد ہوگا، جس کے لیے رجسٹریشن جاری ہیں۔منتظمین کے مطابق لیگ کا مقصد پاکستان میں پیڈل کے کھیل کو مزید وسعت دینا اور مقامی کھلاڑیوں کو اعلیٰ سطح پر کھیلنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔