راولپنڈی (ٹی این ایس) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت ڈینگی کی روک تھام کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، رکن پنجاب اسمبلی ضیاء اللہ شاہ، کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک، رکن پنجاب اسمبلی راجہ صغیر سمیت متعلقہ اضلاع اٹک، جہلم، چکوال، مری اور راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں پیشگی ڈینگی صورتحال کے پیش نظر قبل از وقت اقدامات کرنے اور ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مربوط حکمت عملی ترتیب دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی مہم میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فیلڈ سرگرمیوں کو مؤثر بنایا جائے، تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن پر خصوصی توجہ دی جائے اور کباڑخانوں و قبرستانوں میں خصوصی سرویلنس کی جائے۔ مزید برآں ہسپتالوں میں علاج اور ادویات کی دستیابی یقینی بنانے، متاثرہ علاقوں میں آگاہی مہم تیز کرنے اور عوام میں مچھر مار ادویات کے استعمال کو فروغ دینے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ طاہرہ اورنگزیب نے مری میں ڈینگی وارڈز کو فعال بنانے پر زور دیا تاکہ مریضوں کا دباؤ راولپنڈی کے ہسپتالوں پر نہ بڑھے۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ یکم جنوری 2026 سے اب تک راولپنڈی میں ڈینگی کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔ مزید یہ کہ ڈینگی آگاہی مہم میں طلبہ اور رضاکاروں کی شمولیت یقینی بنائی جا رہی ہے، تعلیمی اداروں میں زیرو پیریڈ کے ذریعے آگاہی دی جا رہی ہے جبکہ محکمہ اوقاف کی جانب سے مساجد میں صفائی اور احتیاطی تدابیر سے متعلق اعلانات بھی جاری ہیں۔














