راولپنڈی: صادق آباد کا علاقہ ڈاکو کے نرغے میں پولیس بے بس

 
0
384

راولپنڈی مارچ 13(ٹی این ایس):گزشتہ چند دنوں میں تھانہ صادق آباد کی حدود شمس آباد میں ڈکیتیوں کی وارداتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا ہے شمس آباد کے رہائشی اور تاجر دن دیہاڑے لٹنے لگے ہیں۔تفصیلات کےمطابق 2 مارچ کو ڈاکو شہزاد پولٹری سے صبح 6 بجے 150000 روپے نقد اور وہاں موجود شہریوں اور گاہکوں سے 4 عدد قیمتی موبائل لے کر فرار ہو گئے اسکے بعد دوبارہ دوسری واردات 3 تاریخ کو پیش آئی جس میں مظفر ہوٹل واقع شمس آباد پر ڈاکو موٹرسائیکل پر سوار ہو کر آئے اور بہت اطمینان سے 80000 نقد لوٹے اور اس کے علاوہ نہ صرف ہوٹل مالک بلکہ ہوٹل پر آئے ہوئے گاہکوں سے 3 عدد موبائل چھین کر فرار ہو گئے اور تیسری واردات 10 مارچ کو پیش آئی جس میں شمس آباد میں ہی واقع نجیب پلائی سے ڈکیت 350000 نقد اور 4 عدد قیمتی موبائل اسلحے کے نوک پر لے کر فرار ہو گئے جبکہ صادق آباد پولیس کے اہلکار موقع واردات پر صرف حاضری کی حد تک آئے اور اہل علاقہ کو طفل تسلیاں دے کر چلتے بنے۔شمس آباد مری روڈ پر ناکہ ہونے کے باوجود ڈاکو کی دیدہ دلیری کافی شکوک و شبہات پیدا کر رہی ہے اسکے علاوہ تھانہ صادق آباد کی باقی ماندہ علاقے میں کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے جہاں آئے روز چوری, ڈکیتی اور سرعام رہزنی کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں۔تاجروں اور اہل علاقہ کا مطالبہ ہے کہ شمس آباد کے علاقے میں گشت کا انتظام کیا جائے اور اگر ڈکیتوں میں ملوث مجرموں کو کیفرکردار تک نہ پہنچایا گیا تومری روڈپر احتجاج کیا جائے گا۔