اسلام آباد (ٹی این ایس) حکومت غیر قانونی سگریٹس کے کاروبار کے خاتمہ کے لئے موثر اقدامات کررہی ہے، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی

 
0
6

اسلام آباد – 14 اپریل 2026 (ٹی این ایس) وزیرمملکت برائے خزانہ ومحصولات بلال اظہرکیانی نے کہاہے کہ حکومت غیر قانونی سگریٹس کے کاروبار کے خاتمہ کیلئے موثر اقدامات کررہی ہے اورا س ضمن میں نفاذِ قانون کو مزید مضبوط بنایا جارہاہے ۔انہوں نے یہ بات اکسفورڈاکنامکس کے زیراہتمام غیرقانی سگریٹ سے متعلق کاروبار متعلق جائزہ رپورٹ کے اجراء کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کے کئی دیگر ممالک کی طرح پاکستان کو بھی غیر قانونی سگریٹ کے بڑے مسئلے کاسامنا ہے اور اندازوں کے مطابق سگریٹ کی پیداوار اور استعمال کا 25 فیصد سے زیادہ حصہ یعنی تقریباً 20 ارب سگریٹ ٹیکس اور ڈیوٹی کی ادائیگی سے بچ جاتا ہے۔ اس کے نتیجے میں حکومت کو سالانہ تقریباً 137 سے 200 ارب روپے کے ریونیو کا نقصان ہورہاہے۔ وزیرمملکت نے کہاکہ یہ مسئلہ بڑی حد تک اندرونی نوعیت کا ہےجس کی بنیادی وجوہات غیر قانونی پیداوار اور وسیع پیمانے پر ٹیکس چوری ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ تیار شدہ سگریٹ یا خام مال کی سمگلنگ بھی اہم کردار ادا کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سال 2025 میں حکومت کی جانب سے اس حوالے سے کارروائیوں میں تیزی لائی گئی اس میں ایک جامع ٹریک اینڈ ٹریس نظام کا نفاذ شامل تھا، ان کارروائیوں کے دوران ملک بھر میں غیر قانونی فیکٹریوں، ڈسٹری بیوٹرز اور ریٹیلرز کے خلاف کریک ڈاؤن بھی کیا گیاجس کے نتیجے میں غیر قانونی پیداوار کے پورے نیٹ ورکس کو ختم کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ تمام کوششوں کے باوجود یہ مسئلہ مسلسل بدلتی ہوئی نوعیت کا حامل ہے۔ جرائم پیشہ نیٹ ورکس تیزی سے خود کو ڈھال رہے ہیں اور حکومتی اقدامات سے بچنے کے لیے مختلف طریقے اختیار کر رہے ہیں جن میں پیداوار کی جگہوں کو منتقل کرنا،سمگلنگ کے نئے راستے قائم کرنا، اورخام مال پر ڈیوٹی سے بچنے کے لیے سپلائی چین کے ابتدائی مراحل میں مداخلت کرنا شامل ہے۔وزیرمملکت نے کہاکہ وزیرِ اعظم نے اس مسئلے کا براہِ راست نوٹس لیا ہے اور وہ ان بدلتی ہوئی حکمت عملیوں سے مکمل طور پر آگاہ ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ سخت کارروائیوں کے باعث غیر قانونی مینوفیکچررز نے اپنی سرگرمیاں چھوٹے اور خفیہ مقامات، جیسے رہائشی گھروں اور زرعی زمینوں، میں منتقل کر دی ہیں۔انہوں نے کہاکہ بدلتی ہوئی صورتحال حکومت کے لیے مزید چیلنجز پیدا کر رہی ہے تاہم مشکلات کے باوجود حکومت سگریٹ کے غیرقانونی صنعت اورکاروبار کے خاتمہ کیلئے قوانین کومزید مضبوط بنانے سرکاری محصولات کے تحفظ میں پرعزم ہے ، اس کے ساتھ ساتھ حکومت جائز کاروباروں کی حمایت اور قانون کی بالادستی کو برقرار کھیں گی۔انہوں نے کہاکہ ملک میں سرمایہ کاری وقت کی ضرورت ہے اورجائز وقانونی کاروبارکے فروغ سے سرمایہ کاری میں اضافہ کی کوششوں کوتقویت ملےگی۔