لاہور (ٹی این ایس) پاکستانی نژاد برطانوی سرجن ڈاکٹر حسنات خان نے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیاجی میں بطور سربراہ ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں، جس پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے معروف برطانوی نژاد پاکستانی کارڈیک سرجن ڈاکٹر حسنات خان نے ملاقات کی ہے، اس موقع پر وزیراعلی نے ڈاکٹر حسنات خان کو نو تعمیر شدہ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور انگلینڈ سے پاکستان آکر اپنے ہم وطنوں کی خدمت کرنے کے ان کے جذبے کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
ملاقات کے دوران جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے انتظامی امور اور اسے عالمی معیار کا ادارہ بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلی مریم نواز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب حکومت اس ادارے کو امراضِ قلب کے علاج کے لیے ایک مثالی مرکز بنائے گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا ہمیں خوشی ہے کہ پاک دھرتی کے سپوت نے اپنے غریب ہم وطنوں کی خدمت کا راستہ چن لیا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ نہ صرف پنجاب بلکہ پاکستان کے ہر فرد کو دل کے علاج کی بہترین اور جدید ترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
وزیراعلی مریم نواز نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کا وژن بہت وسیع ہے اور وہ صوبے کو دنیا میں میڈیکل ٹورازم کا ہب بنانا چاہتی ہیں، تاکہ بیرون ملک سے بھی لوگ علاج کے لیے پاکستان کا رخ کریں،ڈاکٹر حسنات خان کی شمولیت اس وژن کی تکمیل کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگی۔













