اسلام آباد (ٹی این ایس) کیپیٹل پولیس کالج اسلام آباد میں ڈائریکٹر ایجوکیشن این پی ایف کا زیر تربیت افسران کیلئے خصوصی لیکچر کے دوران افسران کو جیل کے نظام، انتظامی ڈھانچے، سکیورٹی نتظامات، قیدیوں کے حقوق اور ان کی بحالی کے جدید طریقہ کار سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کیپیٹل پولیس کالج میں زیرتربیت پولیس افسران کیلئے ایک خصوصی تربیتی لیکچر کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈائریکٹر ایجوکیشن نیشنل پولیس فاونڈیشن عبدالقیوم گوندل نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی،لیکچر کا مقصد افسران کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافہ، جدید اصلاحاتی نظام سے آگاہی اور انتظامی امور کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کرنا تھا، لیکچر کے دوران ڈائریکٹر ایجوکیشن این پی ایف نے افسران کو جیل کے نظام، انتظامی ڈھانچے، سکیورٹی انتظامات، قیدیوں کے حقوق اور ان کی بحالی کے جدید طریقہ کار سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی، انہوں نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کیلئے صرف سکیورٹی امور ہی نہیں بلکہ اصلاحی اور فلاحی پہلووں سے آگاہی بھی انتہائی ضروری ہے تاکہ معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکے،انہوں نے مزید کہا کہ قیدیوں کی اصلاح اور بحالی ایک اہم قومی ذمہ داری ہے، جس کیلئے جدید تربیت، نفسیاتی معاونت، تعلیمی سرگرمیوں اور ہنر مندی کے پروگرامز کو فروغ دینا ناگزیر ہے، انہوں نے زیر تربیت افسران پر زور دیا کہ وہ دوران ڈیوٹی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ انسانی ہمدردی، قانون کی بالادستی اور عوامی خدمت کے جذبے کو بھی مقدم رکھیں، اس موقع پر ڈائریکٹر سپیشل انیشییٹوز شمس الحق درانی نے پولیس کالج کی کمپیوٹر لیب کا دورہ کروایا اور وہاں موجود تربیتی و تکنیکی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل لرننگ اور کمپیوٹرائزڈ ٹریننگ سسٹمز کو تربیتی پروگرامز کا حصہ بنایا جا رہا ہے تاکہ افسران کو عصر حاضر کے چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے کے قابل بنایا جا سکے

















