اسلام آباد (ٹی این ایس) ایس ایچ او تھانہ لوہی بھیر یوسف جٹ کی غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی جاری
ایس پی ایس ڈی پی او کی خصوصی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ لوہی بھیر محمد یوسف ایس آئی نے غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرتے ہوئے بڑی کارروائی کے دوران 3 مرد اور 4 خواتین کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی ایس ایس پی اپریشن ایس پی ایس ڈی پی او کے خصوصی احکامات اور افسرانِ بالا کی ہدایات کی روشنی میں ایس ایچ او تھانہ لوہی بھیر محمد یوسف ایس آئی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان و ملزمات کو حسبِ ضابطہ پابندِ سلاسل کرتے ہوئے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ افسرانِ بالا نے کامیاب کارروائی پر تھانہ لوہی بھیر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی دارالحکومت میں جرائم اور سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے ایسی کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔
شہریوں کے تاثرات: علاقہ مکینوں اور شہریوں نے تھانہ لوہی بھیر پولیس کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے اسے معاشرتی برائیوں کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ایسی کارروائیوں سے جرائم پیشہ عناصر کی حوصلہ شکنی ہوگی اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہوگی۔ انہوں نے ایس ایچ او محمد یوسف اور ان کی ٹیم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی جرائم کے خلاف اسی جذبے کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
ایس ایچ او تھانہ لوہی بھیر کا شہریوں کے نام پیغام: ایس ایچ او محمد یوسف نے اپنے پیغام میں کہا کہ تھانہ لوہی بھیر پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور معاشرے کو جرائم و سماجی برائیوں سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد کسی بھی مشکوک سرگرمی، منشیات فروشی، غیر قانونی یا غیر اخلاقی عمل کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔ شہریوں کے تعاون کے بغیر جرائم کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں، لہٰذا محفوظ اور پرامن معاشرے کے قیام کے لیے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے۔













