رحیم یارخان (ٹی این ایس) نیشنل ہسپتال کارڈیک کمپلیکس اور ڈائگناسٹک کمپلیکس نے موٹروے پولیس کے افسران و اہلکاروں کو معیاری اور سستی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک اہم مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں سیکٹر کمانڈر موٹروے پولیس ایس پی رانا اسماعیل، نیشنل ہسپتال کارڈیک کمپلیکس کے ڈاکٹر ظہور بلوچ، ڈاکٹر زاہد بلوچ، ڈاکٹر عمران دانش، مینجنگ ڈائریکٹر انیس کورائی اور موٹروے پولیس کے ترجمان عثمان بن سعید سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔تقریب کے دوران فریقین کے مابین ایم او یو پر باقاعدہ دستخط کیے گئے جس کے تحت موٹروے پولیس کے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو نیشنل ہسپتال کارڈیک کمپلیکس اور ڈائگناسٹک کمپلیکس میں مختلف طبی سہولیات پر خصوصی رعایتیں فراہم کی جائیں گی۔ معاہدے کے مطابق بلڈ ٹیسٹوں، تشخیصی سہولیات اور کنسلٹنٹ ڈاکٹروں کی فیس میں نمایاں ریلیف دیا جائے گا تاکہ موٹروے پولیس کے افسران اور جوان کم خرچ میں معیاری طبی خدمات حاصل کر سکیں۔اس موقع پر سیکٹر کمانڈر ایس پی رانا اسماعیل نے نیشنل ہسپتال انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکار شب و روز قومی شاہراہوں پر عوام کی خدمت میں مصروف رہتے ہیں، ایسے میں ان کی صحت اور فلاح و بہبود کے لیے اس نوعیت کے اقدامات انتہائی خوش آئند ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ موٹروے پولیس کےاہلکاروں اور ان کے خاندانوں کے لیے مفید ثابت ہوگا۔ نیشنل ہسپتال کارڈیک کمپلیکس ڈاکٹر ظہور بلوچ نے کہا کہ ادارے کا مقصد معیاری طبی سہولیات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس ملک کی اہم فورس ہے اور اس کے افسران و اہلکاروں کو طبی سہولیات میں خصوصی سہولت فراہم کرنا ہمارے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس معاہدے کو صحت کے شعبے میں ایک مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔













