حسن ابدال (ٹی این ایس) جوڑی میلہ حسن ابدال سکھ یاتریوں کے تحفظ اور امن عامہ کے قیام کیلئے اعلیٰ سطحی سیکیورٹی جائزہ، آر پی او بابر سرفراز الپا، کمشنر عامر خٹک اور ڈی پی او اٹک سردار موارہن خان کا گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال کا دورہ

 
0
6

حسن ابدال (ٹی این ایس) جوڑی میلہ 2026 کے موقع پر سکھ یاتریوں کے جان و مال کے تحفظ، امن عامہ کے قیام اور ریاستی رِٹ کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے اعلیٰ سطحی پولیس قیادت نے گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال کا تفصیلی دورہ کیا۔

ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا، کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک سردار موارہن خان نے ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں نافذ کردہ سیکیورٹی انتظامات، کمانڈ اینڈ کنٹرول میکنزم، داخلی و خارجی راستوں، سرویلنس سسٹمز، ایمرجنسی رسپانس پلان اور مجموعی آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر اعلیٰ حکام کو جوڑی میلہ کے دوران سیکیورٹی گرڈ، انٹیلی جنس بیسڈ کوآرڈینیشن، ایریا ڈومینیشن اقدامات، سرچ اینڈ سویپ آپریشنز، ٹریفک مینجمنٹ پلان اور فوری ردعمل کی صلاحیت سے متعلق جامع بریفنگ دی گئی۔ وفد نے مختلف سیکیورٹی پوائنٹس کا معائنہ کیا اور فیلڈ میں تعینات افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تیاریوں کا جائزہ لیا۔

آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب پولیس اقلیتی برادریوں کے مذہبی حقوق، یاتریوں کے تحفظ اور پرامن مذہبی سرگرمیوں کے انعقاد کو ریاستی ذمہ داری سمجھتے ہوئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امن و استحکام کو متاثر کرنے کی کسی بھی کوشش کو ہر سطح پر ناکام بنایا جائے گا اور شرپسند عناصر کے خلاف قانون کے مطابق فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض سرانجام دے رہے ہیں تاکہ ملکی و غیر ملکی سکھ یاتریوں کو محفوظ، باوقار اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔

ڈی پی او اٹک سردار موارہن خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جوڑی میلہ کے دوران فول پروف سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد کیلئے پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ جدید نگرانی کے نظام، خصوصی چیکنگ، مؤثر گشت اور ہنگامی رسپانس یونٹس کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت اور مؤثر سدباب یقینی بنایا جا سکے۔

دورے کے اختتام پر اعلیٰ حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جوڑی میلہ 2026 کے دوران سیکیورٹی، نگرانی اور رسپانس کے تمام نظام مکمل طور پر فعال رہیں گے اور یاتریوں کی حفاظت، امن عامہ کے استحکام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے تمام ریاستی وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔