اسلام آباد (سہ پہر) ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کا ترلائی امام بارگاہ کا دورہ

 
0
3

اسلام آباد (سہ پہر) ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کا ترلائی امام بارگاہ کا دورہ، محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ۔تفصیلات کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ترلائی امام بارگاہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے امام بارگاہ کے اطراف سکیورٹی انتظامات، داخلی و خارجی راستوں، جلوسوں کے روٹس، چیکنگ پوائنٹس اور تعینات پولیس نفری کے فرائض کا تفصیلی معائنہ کیا۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے موقع پر موجود افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عزاداران کی جان و مال کے تحفظ، مجالس و جلوسوں کے پرامن انعقاد اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور افسران و جوان مکمل چوکس رہیں اور اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز میں سرانجام دیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کے منتظمین کے ساتھ موثر رابطہ اور مکمل ہم آہنگی برقرار رکھی جائے، جبکہ جاری کردہ سکیورٹی پلان پر سختی سے عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ایس ایس پی آپریشنز نے افسران کو مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے، داخلی و خارجی راستوں کی موثر نگرانی کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اور موثر ردعمل کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس محرم الحرام کے دوران شہریوں اور عزاداران کو محفوظ اور پرامن ماحول کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت الرٹ ہے اور تمام سکیورٹی اقدامات کو موثر انداز میں یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور عزاداران کی حفاظت کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی