اسلام آباد (ٹی این ایس) ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کی زیرِ صدارت سواں زون کے افسران کا کرائم سے متعلق اجلاس۔

 
0
5

اسلام آباد (ٹی این ایس) ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کی زیرِ صدارت سواں زون کے افسران کا کرائم سے متعلق اجلاس۔ راہزنی، چوری، قبضہ مافیا، منشیات فروشوں، اشتہاری مجرمان اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کی ہدایت، مؤثر تفتیش اور مضبوط شواہد کی بنیاد پر ملزمان کو قرار واقعی سزا دلانے پر زور دیا۔تفصیلات کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کی زیرِ صدارت سواں زون کے افسران کے ساتھ کرائم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس پی سواں زون خرم اشرف، متعلقہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔اجلاس میں جرائم کی مجموعی صورتحال، زیرِ تفتیش مقدمات، اشتہاری مجرمان کی گرفتاری، پٹرولنگ کے نظام، قبضہ مافیا، منشیات فروشوں، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے ہدایت کی کہ تمام پٹرولنگ یونٹس اپنے علاقوں میں گشت کو مزید مؤثر، بامقصد اور نتیجہ خیز بنائیں تاکہ راہزنی، چوری، موٹر سائیکل و گاڑی چوری سمیت دیگر جرائم کی بروقت روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے سنگین مقدمات میں مطلوب ملزمان اور اشتہاری مجرمان کی جلد از جلد گرفتاری کے لیے بھرپور کریک ڈاؤن جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے مزید کہا کہ قبضہ مافیا، منشیات فروشوں، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ عدم گرفتار ملزمان کو فوری گرفتار کرکے تفتیش کو میرٹ پر مکمل کیا جائے، جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر مضبوط چالان عدالتوں میں پیش کیے جائیں تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے، ان کی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جائے اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن، بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور شہریوں کے ساتھ نامناسب رویے پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی