اسلام آباد (ٹی این ایس) وفاقی پولیس کی” اسلحہ سے پاک شہر”مہم تیزی سے جاری۔ پولیس نے گزشتہ 10دنوں کے دوران غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث 111 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے 11 کلاشنکوف/رائفلیں،مختلف بور کے 93 پستول،چھ خنجر اور بھاری تعداد میں ایمونیشن برآمد۔اسلام اباد پولیس کا غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اسلحہ کی نمائش میں ملوث ملزمان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز جاری ہیں۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس کی ”اسلحہ سے پاک شہر” مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد پولیس کی مختلف ٹیموں نے گزشتہ 10 روز کے دوران کارروائیاں کرتے ہوئے غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث 111 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے 11 کلاشنکوف/رائفلیں، مختلف بور کے 93 پستول، 6 خنجر اور بھاری مقدار میں ایمونیشن برآمد کیا گیا۔ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے کہا کہ غیر قانونی اسلحے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے غیر قانونی اسلحہ رکھنے یا اس کی نمائش میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز ٹارگٹڈ آپریشنز جاری رہیں گے۔انہوں نے لائسنس یافتہ اسلحہ رکھنے والے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اسلحے کو فوری طور پر متعلقہ تھانوں میں رجسٹر کرائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور وفاقی دارالحکومت کو غیر قانونی اسلحے سے پاک اور پرامن بنانا پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس غیر قانونی اسلحے کے مکمل خاتمے، قانون کی عملداری اور شہریوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
















