رحیم یارخان (ٹی این ایس) ڈسٹرکٹ پریس کلب رحیم یارخان کے آڈیٹوریم میں وفا تنظیم برائے فلاح و بہبود پاکستان کے زیر اہتمام آل پاکستان پینشنرز ملازمین کنونشن منعقد ہوا

 
0
11

رحیم یارخان (ٹی این ایس) ڈسٹرکٹ پریس کلب رحیم یارخان کے آڈیٹوریم میں وفا تنظیم برائے فلاح و بہبود پاکستان کے زیر اہتمام آل پاکستان پینشنرز ملازمین کنونشن منعقد ہوا، جس میں ملک بھر سے وفا تنظیم، پینشنرز فیڈریشن اور مختلف سرکاری اداروں کے نمائندوں، عہدیداران اور سینکڑوں پینشنرز نے شرکت کی۔ کنونشن میں پینشنرز کو درپیش مسائل، بڑھتی مہنگائی، طبی سہولیات اور پنشن سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا جبکہ حکومت سے فوری عملی اقدامات کا مطالبہ کیا گیا۔کنونشن سے صدر پینشنرز فیڈریشن پاکستان شمس الرحمٰن سواتی، صدر وفا تنظیم پاکستان احمد سلیمان شاہین، چیف آرگنائزر وفا تنظیم پاکستان شمس الدین سولنگی، چیف آرگنائزر وفا تنظیم پنجاب محمد افتخار چوڑا، ضلع صدر وفا تنظیم رحیم یارخان چوہدری محمد زاہد، جعفر علی، چیف آرگنائزر وفا تنظیم سندھ تاج محمد بجارانی، ضلع صدر کندہ کوٹ خالد ایاز سومرو، ضلع صدر سکھر محمد اسحاق سومرو، ضلع صدر گھوٹکی نور محمد سومرو، ضلع صدر شکارپور اسد سعید، ضلعی صدر لاڑکانہ عبدالفتح تنیو، چیئرمین جنکو پینشنرز ولی محمد سہرانی، چیئرمین سیپکو عبدالحق منگی، خادم حسین بوہڑ، ملازم حسین مزاری سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ ملک بھر کے لاکھوں پینشنرز شدید مہنگائی، ادویات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور محدود آمدنی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گزشتہ تقریباً بارہ برس سے منجمد میڈیکل الاؤنس میں فوری طور پر 100 فیصد اضافہ کیا جائے تاکہ پینشنرز علاج معالجے کے بڑھتے ہوئے اخراجات برداشت کر سکیں۔کنونشن میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے مطابق تمام ریٹائرڈ ملازمین کو گروپ لائف انشورنس کی رقم بلا تاخیر ادا کرنے اور اس حوالے سے قومی اسمبلی میں زیر التواء بل کی فوری منظوری کا بھی مطالبہ کیا گیا تاکہ پینشنرز کو ان کا قانونی اور آئینی حق مل سکے۔مقررین نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کے باعث جینکو کے تقریباً ساڑھے پانچ ہزار پینشنرز غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں، لہٰذا ان کی پنشن کو سابقہ ادارے واپڈا میں فوری طور پر ضم کیا جائے تاکہ ان کے مالی حقوق محفوظ رہ سکیں۔کنونشن کے شرکاء نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک بھر کے پینشنرز کے دیرینہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں، معاشی مشکلات کے پیش نظر انہیں مناسب ریلیف فراہم کیا جائے اور ایسے مؤثر اقدامات کیے جائیں جن سے ریٹائرڈ ملازمین باوقار اور پُرسکون زندگی گزار سکیں۔آخر میں شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پینشنرز کے حقوق کے حصول کے لیے آئینی اور جمہوری انداز میں جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور مطالبات کی منظوری تک ہر فورم پر آواز بلند کی جاتی رہے گی۔