حکومت ٹیکسیشن کے نظام میں بہتری کیلئے کامیاب ممالک کے ماڈل کو سٹڈی کرے ‘ آل پاکستان انجمن تاجران

 
0
312

لاہور اپریل 14(ٹی این ایس)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت ٹیکسیشن کے نظام میں بہتری کیلئے کامیاب ممالک کے ماڈل کو سٹڈی کرے ،ٹیکسز کی شرح میں کمی اور چور دروازے بند کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکسیشن کانظام پیچیدگیوں سے بھرپور ہے جبکہ ٹیکسز کی شرح بھی دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ ہے ۔ صوبے کی سطح پر کئی محکمے ٹیکس وصول کررہے ہیں جس سے نہ صرف تاجر مشکلات کا شکار ہیں بلکہ پوری رقم قومی خزانے میں جمع ہونے کی بجائے اس کا کچھ حصہ انفرادی طور پر جیبوں میں چلا جاتا ہے ۔اشرف بھٹی نے کہا کہ ٹیکسیشن کے نظام میں بہتری کیلئے کامیاب ممالک کے ماڈل کو سٹڈی کرنے کے بعد اصلاحات لائی جائیں اور اس کے بعد اسے قومی پالیسی کا درجہ دیا جائے تا کہ اس کے طویل مدت تک نتائج حاصل کئے جا سکیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ٹیکسز کی شرح میں کمی کرے اور پہلے سے ٹیکسز دینے والوں پر مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے سروے کر کے نئے ٹیکس گزاروں کو اس فہرست میں شامل کیا جائے ۔