اسلام آباد (ٹی این ایس) سرکاری اداروں میں بدعنوانی کے خلاف ایف آئی اے اسلام آباد زون کا کریک ڈاؤن – پمز ہسپتال میں جعلی میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹ گینگ بے نقاب، 3 گرفتار
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد کی بڑی کارروائی
اسلام آباد: فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے مصدقہ اطلاع پر مجاز اتھارٹی سے منظوری کے بعد عدالتی مجسٹریٹ کی نگرانی میں پمز ہسپتال اسلام آباد میں ٹریپ ریڈ کیا۔ ٹریپ ریڈ کے دوران ایف آئی اے کے ایک اہلکار کو بطور مزروب پیش کیا گیا اور جعلی ایم ایل سی کے حصول کے لیے رنگی ہوئی کرنسی بطور ایڈوانس فراہم کی گئی جس کے بعد ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار ہوئے۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمان رشوت کے عوض جعلی میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹس جاری کرتے تھے جن کے ذریعے اسلام آباد کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں جھوٹے مقدمات درج کروائے جاتے تھے۔ مزید انکشاف ہوا کہ جہاں زخم موجود نہ ہوں وہاں جسم پر سطحی چیرا لگا کر ٹانکے لگائے جاتے تھے اور اس کی بنیاد پر جعلی ایم ایل سی تیار کی جاتی تھی۔
کارروائی کے دوران ملزم محمد عثمان ایل ڈی سی میڈیکو لیگل آفس کو 50 ہزار روپے کی رنگی ہوئی کرنسی وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ اس کی نشاندہی پر پمز ہسپتال کی میڈیکو لیگل آفیسر اور رمیز اختر وارڈ بوائے کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
موقع سے پرانے جعلی ایم ایل سی ریکارڈ بھی قبضے میں لے لیے گئے۔ ملزمان کے موبائل فونز کی فرانزک جانچ سے انکریمنیٹنگ چیٹس اور بینکنگ ٹرانزیکشنز برآمد ہوئی ہیں جو ان کے جرائم میں ملوث ہونے کو واضح کرتی ہیں۔
ملزمان کے خلاف دفعات 420، 468، 471، 109 تعزیرات پاکستان اور دفعہ 5(2) پریوینشن آف کرپشن ایکٹ 1947 کے تحت ایف آئی آر نمبر 38/2026 بتاریخ 21 جولائی 2026 درج کی گئی۔ ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں دونوں مرد ملزمان کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا گیا جبکہ میڈیکو لیگل آفیسر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
مزید تفتیش جاری ہے۔













