پاکستان اور بحرین کو معیشت اور امن کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دینا ہوگا ‘حافظ حمد اللہ

 
0
342

اسلام آباد() سینیٹ میں پاکستان بحرین دوستی گروپ کی بحرین کے پارلیمانی وفد سے ملاقات کے دوران دوستی گروپ کے سربراہ و چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی براے مذہبی امور سینیٹر حافظ حمد اللہ نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کو معیشت اور امن کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دینا ہوگا اور دوستانہ تعلقات کو مضبوط معاشی اور تجارتی شراکت داری میں بدلنے کا وقت آگیا ہے تاکہ ترقی اور خوشحالی کی جانب مل کر قدم اٴْٹھایا جا سکے

۔سینیٹر حافظ حمد اللہ نے کہا کہ مغربی تسلط کا مقابلہ مل کر ہی کیا جا سکتا ہے اور اس ضمن میں مسلم اٴْمہ کے مابین ،تعاون و یگانگت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے اسلام دہشت گردی کے خلاف بغاوت کا اعلان کرتا ہے اور عالمی قوتوں نے دہشت گردی کے نام پر دنیا میں جنگ شروع کر رکھی ہے جس کا بنیادی مقصدمسلم اٴْمہ کی سیاست، معیشت اور دفاع پر قبضہ کرنا ہے۔عالمی قوتیں افغانستان کو بھارت سے توسط سے پاکستان کے خلاف استعمال میں لانا چاہتی ہیں مگر افغانستان کے مسائل کا حل صرف مذاکرات ہی ہے۔

سینیٹر حافظ حمد اللہ نے مزید کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ دو طرفہ تعاون کو پارلیمانی ، اقتصادی ، تجارتی ،دفاعی اور معاشی سطح پر مزید فروغ دینے کیلئے کوششیں کی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ مسلم اٴْمہ کو اس وقت جن مسائل کا سامنا ہے ان کے حل کیلئے مل کر کوششیں کرنا ضروری ہیں ۔ انہوں نے وفد کے اس دورے کو انتہائی اہم قرارد یا اور اس اٴْمید کا اظہار کیا کہ اعلیٰ سطح کے اس وفد کے دورے سے پاکستان اور بحرین کے تعلقات پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔ اس موقع پر دوستی گروپ کے اراکین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔

سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ برما میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برداری کی خاموشی معنی خیز ہے ۔مقبوضہ کشمیر کی عوام کا مداوا کرنے بھی ضرورت ہے کیونکہ مقبوضہ کشمیر کی عوام کئی دہائیوں سے بھارتی ظالمانہ تسلط کا شکار ہیں ۔ سینیٹر سحر کامران نے کہا کہ بحرین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور مشکل حالات میں بحرین کی مدد کرنے پر شکر گزار ہے ۔ بحرین کی جانب سے دوستی گروپ کی نمائندگی نائب ڈپٹی چیئرمین شوریٰ کونسل بحرین جمیلہ علی سلمان نے کی ۔انہوں نے کہا کہ وفد بحرین کے شاہ اور عوام کی جانب سے پاکستان کیلئے دوستی اور نیک خواہشات کا پیغام لے کر آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم اٴْمہ کا اہم ملک ہے اور بحرین پاکستان کے ساتھ تجارت اور معیشت میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک مشترکہ مذہبی، تاریخی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں اور اعلیٰ سطح روابط سے پارلیمانی تعلقات کو مزید وسعت ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ بحرین نے ہر علاقائی اور عالمی فورم پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور اسی تعاون کو مستقبل میں بھی برقرار رکھا جائے گا۔ اس ملاقات میں اس بات کو فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ملک عالمی فورمز پر یکساں موقف اپنائیں گے اور مسلم اٴْمہ کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی و جدوجہد اختیار کریں گے ۔