رحیم یارخان (ٹی این ایس) آئی جی موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری کے احکامات پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل سینٹرل زون کی ہدایات پر، ایس پی سیکٹر کمانڈر رحیم یار خان رانا محمد اسماعیل کی زیر قیادت 4 اگست کو یومِ شہداء موٹروے پولیس پورے عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پرسیکٹرآفس، ہیڈ کوارٹرز سمیت تمام بیٹ آفسز میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا، جن کا آغاز قرآن خوانی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے اجتماعی دعا سے ہوا۔ بعدازاں یادگار شہداء پر گارڈز نے سلامی دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ تقریبات کے دوران بیٹ کمانڈرز نے ایس پی رانا محمد اسماعیل کی ہدایت پر شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی، ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر شہداء کے فیملیز میں گفٹ ہیمپرز اور پھولوں کے گلدستے بھی تقسیم کیے گئے۔شہداء کو ضٓخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ٹال پلازہ جات پر یومِ شہداء کے بینرز بھی آویزاں کیے گئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس پی رانا محمد اسماعیل نے کہا کہ یومِ شہداء ہمیں اُن عظیم سپوتوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے وطن کے تحفظ کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ شہداء ہمارے حقیقی محسن ہیں جنہوں نے اپنا آج ہمارے کل کے لیے قربان کر دیا۔ قومیں ہمیشہ اپنے شہداء کو یاد رکھتی ہیں اور یہی ان کی بقاء اور سربلندی کی ضمانت ہے۔ ایس پی نے مزید کہا کہ موٹروے پولیس اپنے شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور ان کی ہر ممکن معاونت اورغیرمتزلزل حمایت کو اپنا فرض سمجھتی ہے۔













