اسلام آباد (ٹی این ایس) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست ویژن کے تحت فتح جنگ میں اراضی و جائیداد کے معاملات کو شفاف، آسان اور قانونی بنیادوں پر استوار کرنے کے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ تحصیل فتح جنگ میں اب تک 50 کے قریب گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس جاری کیے جا چکے ہیں، جس سے متعدد شہریوں کے جائیداد سے متعلق قانونی اور انتظامی مسائل حل ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کا اجرا مکمل قانونی جانچ پڑتال، ریکارڈ کی تصدیق اور مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق کیا گیا۔ اس عمل میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا، جس کے باعث شہریوں کو بروقت اور بلاامتیاز ریلیف فراہم ہوا۔
شہریوں نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے نظام نے جائیداد کے ریکارڈ کو مزید مستند اور قابلِ اعتماد بنایا ہے، جبکہ ملکیتی حقوق سے متعلق کئی پیچیدہ معاملات بھی خوش اسلوبی سے نمٹائے گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ شفاف طریقہ کار نے سرکاری اداروں پر عوامی اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔
انتظامی حلقوں کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت عوام کو ریلیف کی فراہمی، سرکاری امور میں شفافیت اور سروس ڈیلیوری کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ فتح جنگ میں گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کا اجرا بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
مقامی شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ میرٹ، قانون کی بالادستی اور عوامی سہولت پر مبنی یہ نظام مستقبل میں بھی اسی انداز سے آگے بڑھے گا، جس سے جائیداد کے معاملات میں مزید آسانیاں پیدا ہوں گی اور شہریوں کا اعتماد مزید مستحکم ہوگا۔













