اسلام آباد ،ستمبر29(ٹی این ایس) : ملک بھرمیں نادرا کے تعاون سے غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے اور اب تک ایک لاکھ 46 ہزار افغان مہاجرین کو رجسٹرڈ کیاجا چکا ہے۔ جمعہ کو وزارت سیفران کے ذیلی ادارے افغان کمشنر یٹ کی ڈائریکٹر فہمیدہ نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ حکومت پاکستان نے ملک میں قیام پذیر غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کا فیصلہ کیا تھا جس کے تحت وزارت سیفران نادرا کے تعاون سے غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کاعمل رواں سال اگست میں شروع کیا گیا جس کے تحت اب تک ایک لاکھ 46 ہزار غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو رجسٹرڈ کرلیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ رجسٹریشن کے عمل میں افغانستان کے سفارت خانہ کے حکام بھی شامل ہیں جو اپنے شہریوں کی رجسٹریشن کے موقع پر شناخت کرتے ہیں جس کے بعد مہاجرین کو رجسٹرڈ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں غیر رجسٹرڈ مہاجرین کی رجسٹریشن کا عمل دسمبر تک مکمل کرلیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ ایسے افغان مہاجرین کو مطلع کیا جاتا ہے کہ جنہوں نے تاحال اپنی رجسٹریشن نہیں کروائی وہ فور ی طور پر نادرا کے رجسٹریشن مراکز میں جا کر اپنے آپ اور اپنے اہل خانہ کو رجسٹرڈ کروالیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں قیام پذیر غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین رجسٹریشن کا یہ آخری موقع ہے اس کے بعد کسی غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو رجسٹرد نہیں کیاجائے گا ۔ واضح رہے کہغیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین رجسٹریشن کے لئے ملک بھر میں 22 مراکز کام کر رہے ہیں۔