اسلام آباد – اگست 16، 2026 (ٹی این ایس) وزیر مملکت ریلوے اور خزانہ بلال اظہر کیانی نے اتوار کے روز ضلع کونسل ہال جہلم میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں انہوں نے عوامی مسائل اور شکایات سنیں اور ان کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر ضلعی انتظامیہ، محمکہ مال، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ تقریباً پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والی کھلی کچہری میں وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے بڑی تعداد میں آئے ہوئے شہریوں کی شکایات کو تفصيل سے سنا اور ان کے حل کے لئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے اپنے حلقہ انتخاب جہلم، سوہاوہ اور دینہ میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ شروع کیا ہے اور اس ضمن میں جہلم، سوہاوہ اور دینہ میں ایک ایک کھلی کچہری منعقد کی جا چکی ہے۔
کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد شہریوں سے براہ راست ان کے مسائل سننا اور ان کا حل کرنا ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
عوام نے جہلم کی تاریخ میں پہلی بار اس نوعیت کی کھلی کچہریوں کے انعقاد کو سراہا۔
قبل ازیں جہلم پہنچنے پر وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا پرتپاک استقبال کیا گیا، عوام اور پارٹی کارکنوں نے نشانِ امتیاز کے لئے نامزدگی پر مبارکباد بھی دی۔













